دیوبند: سمیر چودھری۔
گزشتہ دو ہفتہ سے زائد عرصہ سے گمشدہ درجہ 10کے طالب علم کو پولیس نے بہ حفاظت برآمد کرکے اہل خانہ کے سپرد کردیاہے۔ واضح ہو کہ 2اکتوبر کو اشفاق اللہ خاں روڈ (مجنوں والا روڈ) کا باشندہ درجہ 10 کا طالب علم ٹیوشن پڑھنے کے لئے جاتے وقت مشتبہ حالت میں غائب ہوگیا تھا جس کو پولیس نے کئی دنوں کی تلاش کے بعد آج برآمد کرلیاہے۔
دیوبند کے مجنوں والا روڈ کا رہنے والا درجہ 10 کا طالب علم عرش عالم ولد محمد عارف 2 اکتوبر کی شام گھر سے ٹیوشن پڑھنے کے لئے نکلا تھا اور مشتبہ حالات میں غائب ہوگیا تھا۔ عرش کے اہل خانہ نے گمشدہ بچہ کو کافی تلاش کرنے کے بعد دیوبند کوتوالی میں رپورٹ درج کرائی تھی ، گمشدگی کا معاملہ درج کرنے کے بعد ریلوے روڈ پولیس چوکی کے انچارج وپن تیاگی کی قیادت میں پولیس ٹیم مسلسل عرش عالم کی تلاش میں سرگرداں تھی۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ گمشدہ لڑکا دیوبند کے ریلوے اسٹیشن پر دیکھا گیا ہے ، اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم دیوبند کے ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گئی اور اس نے عرش عالم کو ریلوے پلیٹ فارم سے اپنی حفاظت میں لے لیا۔
چوکی انچارج وپن تیاگی نے بتایا کہ عرش عالم سے پوچھ تاچھ کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ کم نمبرات آنے پر والدین کی ڈانٹ اور ناراضگی سے خوف کھاکر گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا ۔ پولیس نے عرش عالم سے پوچھ تاچھ کرنے کے بعد اہل خانہ کو سپرد کردیا۔ بعدازاں عرش عالم کے والدین ریلوے روڈ پولیس چوکی پہنچے اور اپنے بیٹے کی بہ حفاظت برآمدگی کے لئے پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا ۔ طالب علم کے والد محمد عارف نے پولیس کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کوتوالی دیوبند اور پولیس عملہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کی بہ حفاظت برآمدگی پولیس عملہ کی دن رات کی کوشش کا نتیجہ ہے۔
0 Comments