جمعیۃ علماء ہند کے زیراہتمام یہاں شیخ الہند ہال میں منعقد سہ روزہ تربیتی کیمپ آج دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کی دعاءکے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، اس دوران شرکاء سے فلسطین کے حق میں دعاءکرنے کی اپیل کی گئی۔
صالح اور مثالی معاشرہ کی تشکیل کی مہم کے تحت منعقد مغربی یوپی اوراتراکھنڈ کے مثالی آٹھ اضلاع کی ورکشاپ کے آخری روز تمام شرکاء کو یہاں دی گئی تربیت کے مطابق اپنے اپنے علاقوں میں کام کرنے کی تلقین کی گئی۔
اس موقع پرممتاز عالم دین اور جامع مسجد امروہہ کے شیخ الحدیث مولانا مفتی سید عفان منصورپوری نے اپنے خطاب میں موجودہ حالات پر روشنی ڈالی اور حاضرین جلسہ کو نہایت اہم امور کی جانب توجہ دلاتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں کس طرح اپنے وجود کو دینی، ملی اور سماجی طور پر معاشرہ کے لئے نافع بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ مذہب اسلام میں خدمت خلق کو عظیم درجہ دیاگیاہے اور یہ ورکشاپ منظم طور پر خدمت خلق کرنے میں رہنمائی کے لئے موثر ثابت ہوگی۔ مفتی سید عفان منصورپوری نے کہاکہ مذہب اسلام نے بلاتفریق معاشرہ کی بھلائی کے لئے کام کرنے کی تلقین کی، ہمیں دین اسلام کے اس پیغام کو ذہن نشیں ر کھنا چاہئے اور پوری امت کے لئے نفع بخش بننے کی کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور جمعیۃ علماءہند کے مکاتب کے نظام کو منظم بنانے میں تعاون کی اپیل کی۔
اس موقع پر جمعیۃ علماءہند کے قومی جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کئے اور تمام شرکاء کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس کراتے ہوئے کہاکہ اس ورکشاپ کا فائدہ پورے علاقہ کو پہنچنا چاہئے، یہ آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے آپ اپنے اپنے علاقوں میں یہاں دی گئی تربیت کے مطابق ہر میدان میں کام کریں۔ مولانا حکیم الدین قاسمی نے موجودہ حالات پر روشنی ڈالی اور خاص طورپر فلسطین میں اسرائیل کے ظلم و بربریت پر تکلیف کااظہار کرتے ہوئے امت مسلمہ سے فلسطین کے حق میں دعاء کرنے کی اپیل کی۔ مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپیل کی آئندہ جمعہ کے روز بلا خوف و تردد روزہ رکھ کر فلسطین کے مسلمانوں کے حق میں دعاء کریں اور اگر کہیں سے کوئی شکایت یا مسئلہ پیش آئے تو جمعیة علماء ہند کی مرکزی قیادت سے رابطہ کریں۔
علاوہ ازیں دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مفتی راشد اعظمی، مولانا مفتی سید سلمان منصورپوری، مولانا ساجد فلاحی، مفتی محمد قاسم وغیرہ نے بھی اپنے خطاب کے دوران تعلیم کی افادیت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ ہمیں احکام خداوندی اور سنت نبوی کے مطابق سماج کے لئے نفع بخش انسان بننے کی کوشش کرنی چاہئے اور نسل نو کی صحیح رہنمائی کا فریضہ انجام دینا چاہئے۔ ورکشاپ کے دوران تعلیمی و تربیتی نظام، اصلاح معاشرہ، خدمت خلق، جمعیة علماءاوپن اسکول، محاسبہ ایمان، سوشل میڈیا، جمعیة یوتھ کلب، دینی تعلیمی بورڈ، موڈل ولیج جیسے عناوین پر خطاب ہوئے اور شرکاء کو کام کرنے کی عملی ٹریننگ دی گئی۔
پروگرام کنوینر اور مغربی زون کے سکریٹری قاری ذاکر حسین مظفرنگری نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ صالح معاشرہ کی تشکیل اور سماج میں تعلیمی و تربیتی نظام کو منظم بنانے و نسل نو کو ملک و ملت کے لئے نفع بخش بنانے کے لئے جمعیة علماءہند نے صدر جمعیة مولانا سید محمود مدنی کی سرپرستی میں یہ مہم شروع کی ہے اور اسی کے تحت یہ سہ روز تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔
کیمپ کے منتظمین میں جمعیة علماءہند کے ضلع جنرل سکریٹری سید ذہین احمد، ضلع سکریٹری مولانا محمد ابراہیم قاسمی، مجلس منتظمہ کے رکن قاری زبیر احمدقاسمی، مولانا سرتاج احمد، قاری ایوب، قاری دلشاد، چودھری صادق، سرور چودھری، گلشن تیاگی، ہارون تیاگی، محمود احمد صدیقی، محمد فہیم، مفتی محمد شاکر، اسعد جمال فیضی، محمد اسجد گوڑ، حاجی محمد خالد, بلال احمد وغیرہ کے نام شامل ہیں۔
0 Comments