Latest News

تہواروں کے مدنظر جی آر پی اور آر پی ایف مستعد، ریلوے اسٹیشن اور ٹرینوں میں شروع کی چیکنگ مہم۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دیوالی پر ریلوے اسٹیشن کو بم سے اڑانے کی دھمکی کے بعدآر پی ایف اور جی آر پی مستعد ہوگئی ہے، جس کے پیش نظر ریلوے اسٹیشن پر چیکنگ مہم چلائی گئی۔ اس دوران ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں اور مسافروں کے سامان کی چیکنگ کی گئی۔ اس کے علاوہ مشتبہ افراد پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔سہارنپور ریلوے اسٹیشن سے روزانہ 153 ٹرینیں گزرتی ہیں۔ ان میں تقریباً دو لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔ 
تہواروں کے دوران مسافرین کی تعداد دو گنی ہوجاتی ہے، دیوالی اور چھٹھ کے تہوار کے پیش نظر ریلوے نے 18 خصوصی ٹرینیں بھی شروع کی ہیں۔ مسافروں کی بڑھتی ہوئی بھیڑ کی وجہ سے پیدا ہونے والی افراتفری کے پیش نظر ریلوے نے اضافی انتظامات کیے ہیں۔ اس دوران سیکوریٹی کے حوالے سے جی آر پی اور آر پی ایف کا کام بھی بڑھ گیا ہے۔زیادہ تر ٹرینیں پلیٹ فارم تین، چار، پانچ اور چھ پر رکتی ہیں۔ ان پلیٹ فارمز پر ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ آر پی ایف نے گشت بڑھا دیا ہے۔ جی آر پی اسٹیشن کے ساتھ ٹرینوں میں بھی مشتبہ افراد کی تلاش کر رہی ہے۔ گزشتہ رات جی آر پی سی او شویتا آشوتوش اوجھا کی قیادت میں ریلوے اسٹیشن پر چیکنگ مہم چلائی گئی۔ 

اس دوران وندے بھارت ایکسپریس سمیت رات کے وقت سہارنپور سے گزرنے والی ٹرینوں کی جانچ کی گئی اور مشکوک نظر آنے والے مسافروں کے سامان کی چیکنگ کی گئی۔واضح رہے کہ انبالہ اور دہلی ڈویزن کے کئی بڑے ریلوے اسٹیشنوں کو گزشتہ ماہ دہشت گردانہ دھمکیاں موصول ہوئی ہیں کہ انہیں بم سے اڑا دیا جائے۔ جمنا نگر کے اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ کو اس سلسلے میں ایک خط ملا تھا۔ اس خط میں سہارنپور کا نام بھی تھا۔تبھی سے سہارنپور ریلوے اسٹیشن پر سیکوریٹی کے بندوبست پختہ کردیئے گئے اور سختی چیکنگ مہم چلائی جارہی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر