سماجی تنظیم ’نظر فاونڈیشن‘ کے زیر اہتمام یوم اردو اور یوم تعلیم کے عنوان پر ایک پروگرام کا انعقاد یہاں عیدگاہ روڈ پرواقع پبلک گرلز انٹر کالج میں کیا گیا ۔جس کی صدارت استاذ شاعر ماسٹر شمیم کرتپوری نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض فاونڈیشن کے صدر نجم عثمانی نے انجام دیئے۔
مہمان خصوصی کے طورپر اسلامیہ ڈگری کالج کے اردو پروفیسر شاکر علی اورپبلک گرلز انٹر کالج کی پرنسپل صبا حسیب صدیقی نے شرکت کی۔پروگرام میں شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کی حیات و خدمات پرروشنی ڈالتے ہوئے صبا حسیب صدیقی نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری انقلابی شاعری ہے، ان کا ملک کے لئے لکھا ترانہ ’سارے جہاں سے اچھا،ہندوستان ہمارا‘ آج بھی لوگ گنگناتے ہیں اور اسکولوں میں پڑھا جاتاہے۔ علامہ اقبال 9 نومبر کو سیالکوٹ میں پیداہوئے تھے ،آپ کا انتقال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں ہواتھا،ان کے یوم پیدائش کو ہم یوم اردو کے طورپر مناتے ہیں۔
اسلامیہ ڈگری کالج کے پروفیسر شاکر علی نے مجاہد آزادی اور ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد کی شہرت اور عظمت کی اساس سیاست، صحافت اور اسلامیات میں ان کے معروف ترکش کارنامے ہیں، اولین وزیر تعلیم کی حیثیت سے تعلیم کے میدان میں ان کے افکار اور افعال ہمیں دعوت فکر دیتے ہیں،جس سے ہمیں روشن مستقبل کی نوید ملتی ہے اور قومی و ملی زندگی کی تعمیر نو کا حوصلہ ملتا ہے، آپ نے وزیر تعلیم رہتے ہوئے ملک کے اندر کئی یونیورسٹیاں کا قیام کیا، جس سے ملک کے بچے فائدہ اٹھا رہے ہیں،مولانا آزاد کی پیدائش 11 نومبر 1888 کو سعودیہ عربیہ میں ہوئی اور 22 فروری 1958کو دہلی میں انتقال ہوا،مولانا آزاد کے یوم پیدائش کو ملک میں یوم تعلیم کے طورپر منایا جاتاہے۔
علاوہ ازیںانصار مسعودی، ضرار بیگ، ارم عثمانی، ماسٹر نوشاد عرشی، عبدالرحمن سیف، ساجدہ خاتون وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔اس دوران فاونڈیشن کی جانب سے اردو ادب کے میدان میں نمایاں خدمات کرنے والوں کو اعزاز سے نوازاگیا۔ پروگرام میں ماسٹر شمیم کرتپوری ،ولی وقاص،ڈاکٹر عدنان نعمانی،ذکی انجم اور ڈاکٹر کاشف اخترنے اپنا خوبصورت کلام پیش کیا۔
قبل ازاںپروگرام کا آغاز سرور دیوبندی کی نعت پاک سے ہوا۔اس دوران نظر فاونڈیشن کے چیئرمین و پروگرام کے کنوینر نجم عثمانی نے تنظیم کی خدمات اور پروگرام کے مقصد پر روشنی ڈالی،ساتھ ہی سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام میں خاص بات خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس دوران رضیہ نجم، روبینہ شہزاد، شبینہ ممتاز، نازنین طارق، نبیل مسعودی، فیضی صدیقی، محمدحسین انوار، شاہنواز عثمانی، سید نجم، محمد آصف، سمیر عثمانی، عبداللہ عثمانی وغیرہ موجودرہے۔
0 Comments