موسم سرما کے مدنظر ممتاز دینی دانش گاہ دار العلوم وقف دیوبند میں طلبہ کے ما بین تقسیم لحاف کئے گئے۔ اس موقع پر ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے کہاکہ تعاون ہمدردی اور خیر خواہی کا جذبہ ایک صالح معاشرے کی تشکیل کا ضامن ہونے کے ساتھ ساتھ خدمت خلق کا اہم ترین حصہ ہے۔ قرآن مقدس اور احادیث نبویہ میں جگہ جگہ خدمت انسانیت کو بہترین اخلاق اورعظیم عبادت قراردیا گیا ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عملی زندگی خدمت خلق سے لبریز ہے، نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیات طیبہ میں خلق خدا سے محبت اور ہمدردی کی خوب تاکید فرمائی اور فرمایا کہ تم میں بہترین شخص وہ ہے جو دوسروں کو نفع پہنچائے۔۔ انہوں نے کہا کہ مدارس میں تعلیم وتعلم کے ساتھ خدمت خلق کے مظاہر بھی خوب نظر آتے ہیں، جس کے تحت اداروں میں جہاں طلبہ کے کھانے پینے رہنے سہنے وغیرہ کے انتظامات کئے جاتے ہیں، وہیں موسم سرما کی آمد کے پیش نظر لحاف کا انتظام بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔ تاکہ طلبہ مکمل یکسوئی کے ساتھ تعلیم وتعلم درس وتکرار جیسے روحانی نظام سے وابستہ رہ کر کتب سے فیض حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ مدارس کی یہ غیر معمولی کوشش رہتی ہے کہ جذبہ نافعیت کے تحت طالبان علوم نبوت کو ہر قسم کی سہولیات بہم پہنچائی جائیں اور انہیں اپنے مقاصد کی تکمیل کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو،
جس کے پیش نظر دار العلوم وقف دیوبند میں حسب روایت وحسب معمول طلبہ کی ایک بڑی تعداد کے ما بین لحاف تقسیم کئے گئے، حق تعالیٰ اس خدمت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔ اس موقع پر تقسیم لحاف کے اس عمل میں اساتذہ جامعہ بھی شریک رہے۔
0 Comments