دیوبند: سوشل میڈیا پر دیوبند کے ایک مشاعرے کے متعلق وائرل ویڈیو کو لے کر اب دارالعلوم دیوبند کی جانب سے وضاحتی بیان سامنے آیا ہے اور دارالعلوم کے ذمہ داران نے صاف کیا ہے کہ اگر اس طرح کے کسی پروگرام میں دارالعلوم دیوبند میں زیر تعلیم کوئی طالب علم شریک تھا تو ادارے کی جانب سے تحقیق کر کے اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی، پورے معاملے کی تحقیق کرائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز قبل دارالعلوم سے متصل ایک ہال میں کچھ مقامی شعراء کے ذریعہ منعقد مشاعرے میں کثیر تعداد مدارس کے طلباء نے شرکت کی تھی اور ایک خاتون کے کلام کی نہایت بھونڈے اور غیر مہذب طریقے سے ستائش کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کافی ہنگامہ ہو رہا ہے، اس سلسلے میں لگاتار دارالعلوم دیوبند کے ذمہ داران سے ملک بھر کے صحافی اور خیرخواہ رابطہ کر رہے تھے، جس کے بعد اب دارالعلوم دیوبند کی جانب سے پورے معاملے پر وضاحتی بیان سامنے آیا ہے۔
دفتر اہتمام سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک مشاعرہ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں کوئی شاعرہ مائک پر اشعار پڑھ رہی ہے اور اس کے ارد گرد طلبہ مدارس کی بھیڑ ہے۔ اس سلسلے میں وضاحت کی جاتی ہے کہ اس مشاعرہ اور مشاعرہ گاہ کا دارالعلوم دیو بند سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ البتہ تحقیق کی جارہی ہے، اگر اس میں دارالعلوم دیو بند کا کوئی طالب علم شریک ہوا ہے تو اس کے خلاف ضابطہ کی کاروائی کی جائے گی۔
سمیر چودھری۔
0 Comments