Latest News

بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع کا آغاز، دیوبند سے بھی کثیر رکنی وفد کی شرکت، دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ہو رہے ہیں شامل۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع کا آغاز ہوگیاہے، جو گیارہ دسمبر پیر کے روز دعاءکے ساتھ اختتام پذیر ہوگا، اس اجتماع میں ملک و بیرون سے کثیر تعداد میں لوگ شرکت کررہے ہیں،دیوبند اور آس پاس کے علاقہ سے ایک کثیررکنی وفد بھی بھوپال کے عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لئے پہنچا ہے۔
حسب سابق سماجی کارکن مسعود خاں رانا کی قیادت میں دیوبند سے 65 افراد پر مشتمل وفد نے جمعہ کے روز بھوپال پہنچ کر تبلیغی اجتماع میں شرکت کی،جہاں متعدد سرکردہ علماءکرام کے خطاب جاری ہےں۔مسعود خاں رانا نے بتایا کہ اجتماعی پیر کے روز تبلیغی جماعت کے امیر مولانا سعد کاندھلوی کی دعاءکے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ عالمی تبلیغی اجتماع ہمیشہ ماہ نومبر میں منعقد ہوتا تھا امسال مدھیہ پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اجتماع کمیٹی نے نومبر میں اجتماع کا انعقاد کرنے کے بجائے ماہ دسمبر میں عالمی اجتماع کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
امسال74 ویں عالمی تبلیغی اجتماع کا آغاز آٹھ دسمبر سے ہوا اور گیارہ دسمبر کو اجتماعی دعا ءکے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔واضح رہے کہ بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع کی بنیاد انیس سو سنتالیس میں رکھی گئی تھی۔ ابتدائی کچھ سالوں تک اجتماع میں بھوپال اور آس پاس کے اضلاع کی جماعتیں شامل ہوتی تھی مگر رفتہ رفتہ اجتماع کی اہمیت و افادیت میں اضافہ ہوا اور ایک دہائی سے کم عرصے میں اجتماع نے ملک گیر سطح پر شہرت حاصل کی اور پھر ستر کی دہائی میں اجتماع نے عالمی شہرت اختیار کرلی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جب سے اجتماع شروع ہوا ہے صرف کووڈ کے دورانیہ کو چھوڑکر ہر سال تسلسل کے ساتھ اجتماع کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اجتماع کے انعقاد کا مقصد اللہ کا پیغام اللہ کے بندوں تک پہنچانا اور دنیا میں امن قائم کرنا ہے۔جہاں سے نیکی اور بھلائی کا پیغام پوری دنیا کو دیا جاتاہے اور پورے عالم میں امن و امان کی دعاءکی جاتی ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی تبلیغی میں اس مرتبہ ہندوستان کے علاوہ تقریبا 20 ممالک سے لوگ شرکت کر رہے ہیں اور قریب آٹھ سے 10 لاکھ لوگوں کا اجتماع بھوپال میں منعقد ہو رہا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر