Latest News

صحافیوں کو مثبت انداز میں سچائی کو سماج تک پہنچانا چاہئے، سٹی پریس کلب کے تحت نئے سال کی آمد کے موقع پر منعقد تقریب میں ایس ڈی ایم کا اظہار خیال۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
سٹی پریس کلب دیوبند کے تحت نئے سال کی آمد کے موقع پر ایک پروگرام کا انعقاد اسٹیٹ ہائیوے پرواقع بینکٹ ہال میں ’پترکار ملن‘ کے عنوان کے تحت کیاگیا، جس کا افتتاح ایس ڈی ایم دیوبند انکور ورما نے فیتہ کاٹ کر کیا، جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے چیئرمین وپن گرگ نے شرکت کی۔
پروگرام کی صدارت سہارنپور کے صحافی روشن لال سینی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض راجکمار جاٹو نے انجا م دیئے۔اس موقع پر پروگرام کنوینر سدھیر بھارواج اور اشونی گرگ نے ایس ڈی ایم اور چیئرمین کے علاوہ دیگر مہمانوں ممتاز احمد، انل کٹاریہ،شرافت ملک،سید حارث وغیرہ کا پٹکا پہناکر اعزاز کیا۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم انکور ورما اور چیئرمین وپن گرگ نے صحافی اور صحافت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ صحافی سماج کا وہ آئینہ ہیں، جو بغیر کسی خوف اور لالچ کے سچائی کو سماج تک پہنچانے کاکام کرتے ہیں، اس کے لئے دیوبند کے ہمارے تمام صحافی مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوںنے کبھی اپنی ذمہ داریوں سے پردہ پوشی نہیں کی ہے اور وہ ہمیشہ حق و سچ کو بے خوف اندا ز میں لوگوں تک پہنچانے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کو زرد صحافت سے بچنے کا مشورہ دیتے ہوئے شہر کی ترقی میں کندھے سے کندھا ملاکر چل نے کی اپیل کی۔ اس دوران صحافیوں نے چیئرمین اور ایس ڈی ایم کے سامنے دیوبند میں’ پریس بھون‘ کی تعمیر کرانے کی مانگ رکھی،جس پر چیئرمین نے مثبت کام کئے جانے کی یقین دہانی کرائی۔ 
پروگرام کی صدارت کررہے روشن لال سینی اور نامور قلمکار کمل دیوبندی نے صحافیوں کی پریشانیوں اور ان کے پیش آمدہ مسائل کی جانب توجہ مبذول کرائی او ر صحافیوں سے قدیم روایتوں کو زندہ رکھ کر دیانتداری کے ساتھ کام کرنے کی نصیحت کی۔ آخر میں پروگرام کنوینر سدھیر بھادواج نے سبھی کاشکریہ اداکیا۔ اس موقع پر اوم ویر سنگھ،سید وجاہت شاہ،مشرف عثمانی، سمیر چودھری، کھلیندر گاندھی، پنٹو شرما، گرجوت سنگھ سیٹھی،فہیم اختر صدیقی، فیروز خان، تسلیم قریشی، معین صدیقی، عارف عثمانی، فہیم عثمانی، نوشاد عثمانی، آصف ساگر، ساجد خان، مہتاب آزاد، انل کٹاریہ، ڈاکٹر شاہنواز، افضال وغیرہ سمیت کافی تعدا د میں شہر کے صحافی شریک رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر