Latest News

ایمان کی بقاءکے لئے منظم مکاتب کا قیام بہت ضروری، دارالعلوم زکریا دیوبند میں منعقد دینی تعلیمی بورڈ کی میٹنگ میں مولانا حکیم الدین قاسمی اور مفتی شریف خان قاسمی کاخطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماءہند کے تحت ایک اہم میٹنگ کا انعقاد آج یہاں اسٹیٹ ہائیوے پرواقع ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا دیوبند میں کیاگیا، جس میں دیوبندو اطراف کے ذمہ داران کے علاوہ ائمہ اور متولیان مساجد نے شرکت کی۔ میٹنگ کی صدارت ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی شریف خان قاسمی نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جمعیة علماءہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے شرکت کی۔ اس موقع پر مکتبی نظام کو کو لیکر غوروفکر کیاگیا اور جمعیۃ علماءہند کی ٹیم نے مکاتب کے نظام کو پروجیکٹ کے ذریعہ سمجھاتے ہوئے مکاتب کی اہمیت و افادیت اور ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

اس موقع پر جمعیة علماءہند کے قومی جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ مکتب ہماری بنیادی ضرورت ہے اگر ہمارا مکتبی نظام منظم اور مستحکم نہیں ہوگا تو ہمارا تعلیمی نظام بھی بہتر نہیں ہوسکتا اور آنے والی نسلوں کے لئے اعلیٰ تعلیم و تربیت کا خواب ادھورا رہ جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ جمعیة علماءہند کی جانب سے دینی تعلیمی بورڈ کے تحت مکاتب کو مضبوط اور منظم بنانے کے لئے کام کیاجارہاہے، جس کے تحت ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے ہر گاوں اور ہر محلہ میں مکاتب کے نظام کو منظم بنانے میں تعاون کرنا چاہئے تاکہ آنے والی نسلیں دینی ماحول میں اعلیٰ تعلیم و تربیت سے آراستہ ہوسکیں۔ 
متعدد مکاتب کے سربراہ اور دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی شریف خان قاسمی نے اپنے خطاب کے دوران امت کے حالات کو سامنے رکھتے ہوئے نونہالانِ امت کے مستقبل کو بچانے کی تدابیر پیش کی اور حاضرین مجلس کو حالات سے روبرو کراتے ہوئے تعلیم اور مکاتب کی اہمیت کو بیان کیا۔ انہوں نے علاقہ کے تمام ذمہ داران اور ائمہ اور ذمہ داران سے اپیل کی وہ مکاتب کے قیام کے ساتھ ساتھ اس کے نظام کو مستحکم بنانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہاکہ ایمان کی بقاءکے لئے منظم مکاتب کا قیام بہت ضروری۔ مولانا محمد شعیب قاسمی ناظم دینی تعلیمی بورڈ نے پرجیکٹ کے ذریعہ حاضرین مجلس کو مکاتب کا نظام بہت تفصیلی انداز میںسمجھایا اور مکاتب کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ذمہ داران، والدین، استاذ اور طالبعلم کی ذمہ داریوںسے آگاہ کیا۔ مکاتب کے نظام کو مستحکم کرنا ہمارے بچوں کی تعلیم و تربیت وقت اور حالات کے اعتبار سے کس قدر ضروری ہے۔ اس پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے مولانا شعیب قاسمی نے مکاتب کا نظام ونصاب اور طریقہ کارپیش کیا اور شرکاءمجلس سے قیام مکاتب کے عزائم بھی کرائے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے جامعہ کے استاذ مفتی شفیع االلہ خان نے کہاکہ مکاتب کی محنت بنیادی محنت ہے اس لئے ہم سب مل کر ہفتہ واری مشورے کے ساتھ اس کام کو مضبوط بنائیں۔ اس موقع پر مساجد کے ذمہ داران اور ائمہ نے شرکت اور دینی تعلیمی بورڈ کی اس اہم مہم کو کامیاب بنانے کا عزم کیا۔ پروگرام کے انعقاد میں مولانا محمد قاسم، قاری محمد سلمان اور قاری فرخ وغیرہ کا خصوصی تعاون رہا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر