Latest News

مرحوم حسیب صدیقیؒ نے ہر میدان میں اپنے نقوش چھوڑے ہیں، یوم وفات پر سماجی تنظیم ’نظر فاونڈیشن‘ کے تحت منعقد پروگرام میں متعدد شخصیات کو 'حسیب صدیقی ایوارڈ' سے نوازا گیا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دیوبند کی معروف شخصیت اور مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے تا حیات جنرل منیجر مرحوم مولانا حسیب صدیقیؒ کے یوم وفات کے موقع پر سماجی تنظیم ’نظر فاونڈیشن‘ کے تحت ایک پروگرام کا انعقاد کرکے مرحوم مولانا حسیب صدیقی ؒ کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالی گئی اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لئے دعائے مغفرت کا اہتمام کیاگیا۔
گزشتہ شب عیدگاہ روڈ پرواقع محمود ہال میں منعقد اس تقریب میں شہر کی سرکردہ شخصیات کو ان کی سماجی، تعلیمی،صحافتی اور دیگر خدمات کے اعتراف میں ’حسیب صدیقی‘ ایوارڈسے نوازاگیا۔ پروگرام کی صدارت سابق چیئرمین انعام قریشی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض فاونڈیشن کے صدرنجم عثمانی نے انجام دیئے۔ اس موقع پر ممتاز عالم دین مولانا ندیم الواجدی نے مولانا حسیب صدیقیؒ کی حیات و خدمات تفصیلی روشنی ڈالی اور کہاکہ مرحوم ایک عظیم شخصیت کے مالک تھے،انہوں نے دیوبند کے لوگوں کی بلاتفریق خدمت کی ہے، جسے دیوبندکی تاریخ میں ہمیشہ یادرکھاجائے گا،مسلم فنڈ دیوبندا ور اس کے ذیلی ادارے حسیب صدیقی مرحوم کے لئے صدقہ جاریہ ہیں، جن سے بڑی تعداد میں لوگوںکو فیض پہنچ رہاہے۔مہمان خصوصی اوریوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے کہاکہ حسیب صدیقی مرحوم جیسی سماجی و تعلیمی شخصیات کمیاب ہیں،میں نے بارہا ان کی شخصیت کا مشاہدہ کیا ہے، ان کے اندر قوم و ملت کو لیکر جو تڑپ پائی جاتی تھی ایسی تڑپ اور جذبہ بہت کم لوگوں میں ہوتاہے، انہوں نے تعلیمی، اقتصادی، سماجی، ادبی اور سیاسی غرض کے ہر میدان میں اپنی خدمات کے نمایاں نقوش چھوڑے ہیں، جو ہماری نئی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں، ان کے لگائے گئے پودوں کی آبیاری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی نے کہاکہ میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ اللہ نے مجھے اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھانے کا موقع دیا، میں ان کے قائم کردہ اصولوں کے مطابق لوگوں کی خدمت کرنے کی کوشش کررہاہوں ،جس میں مجھے آپ سب کے تعاون اور دعاوں کی ضرورت ہے۔
صدر مجلس و سابق چیئرمین انعام قریشی نے اپنے صدارتی خطاب میں مولانا حسیب صدیقیؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے حالات زندگی اور مشن زندگی پر روشنی ڈالی۔ اس دوران ڈاکٹرعبید اقبال عاصم، مولانا ندیم الواجدی، سہیل صدیقی، ضرار بیگ، صحافی سمیرچودھری، نوشاد عرشی، انصار مسعودی، طاہر حسن شبلی کوان کی خدمات کے لئے ’حسیب صدیقی ایوارڈ‘ سے نوازاگیا۔ آخر میں فاونڈیشن کے صدر نجم عثمانی نے سبھی کاشکریہ اداکیا۔ اس دوران ماسٹر شمیم کرتپوری، عدیل صدیقی، فیضی صدیقی، نبیل مسعودی، عبداللہ شہزاد، عاقب انعام، عشرت بیگ، عبدالرحیم، محمد عارف وغیرہ موجود رہے۔بعدازیں قرآن خوانی کرکے دعائے ایصال ثواب کا ہتمام کیاگیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر