Latest News

حضرت حکیم الاسلامؒ مولانا قاری محمد طیب صاحب علیہ الرحمہ کی آخری تصنیف کا عربی زبان میں ترجمہ، مولانامحمد سفیان قاسمی کے ہاتھوں اجراء، مقامات ِ مقدسہ کی افادیت پر ڈالی روشنی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عظیم دینی درسگاہ دارالعلو م وقف دیوبند میں تحقیقی شعبہ حجة الاسلام اکیڈمی کے زیر اہتمام حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب علیہ الرحمہ کی عظیم ،ضخیم ،مقبول عام اور حضرت کی آخری تصنیف مقامات مقدسہ کی تعریب بنام”المقامات المقدسة الحجاز ومصر وفلسطین“کا اجراءعمل میں آیا۔حضرت نے اپنی اس تصنیف کا آغاز عرب ممالک کے اپنے آخری اسفار کے دوران فرمایا تھااور جسے مسلسل چھ سال کی محنت کے بعد حضرت نے مکمل فرمایا، یہ کتاب ان اہم زیارت گاہوں کے متعلق ہے جو عرب ممالک میں ہمیشہ سے اہل اسلام کی عقیدت ومحبت کامرکز رہی ہیں۔عربی زبان میں منتقل ہوئی مقامات مقدسہ کا اجراءکرتے ہوئے دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے کہاکہ اس کتاب میں شہر مکہ،شہر قدس اور کوہِ طورجو اپنی اپنی نوعیت و نسبت کے اعتبار سے از روئے کلام اللہ و احادیث رسول اللہ برگزیدہ و مقدس، باعظمت و بانسبت اور مبارک مقامات قرار دئے گئے ہیں۔ جن کو بوجوہ شرعی، تاریخی،عقلی، جغرافیائی ا ور سیاسی حقائق کے اعتبار سے اسلامی مراکز کا درجہ حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان تین مقدس مقامات سے تین مقدس شخصیتیں حضرت موسیٰ علیہ السلام، حضرت عیسی علیہ السلام اور نبی آخرالزماں محمد الرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ابھریں، پھر ان سے تین ملتوں کا ظہور ہوا، حق تعالیٰ نے انہی مقامات کو اصل کی حیثیت سے منتخب فرماکر ان کی ہی قسم کھاکر ان سے انسان کی احسن تقویم کی جامعیت اور افضلیت پر استدلال فرمایا ،قرآن کریم کی آیت والتین والزیتون وطور سینین وھذا البلد الامین لقد خلقنا الانسان فی احسن تقویم کی روشنی میں اگر ان تینوں مقامات حجاز مقدسہ میں مکة المکرمہ، (اصل اور قدیم نقشہءدنیا کی رو سے) شام میں بیت المقدس اور مصر میں طور مقدس کو اصل اور بنیادی طور پر مقامات مقدسہ کہا جائے تو بلا شبہ یہ ان کا حق ہے۔ایک عرصہ سے اس بات کی شدید ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ اس کتاب کا مذکور کا رائج الوقت عربی زبان میں ترجمہ شائع کیا جائے۔ بحمد اللہ حجة الاسلام اکیڈمی دارالعلوم وقف دیوبند کے زیر انتظام کتاب مذکور کا بلند معیار پیش نظر عربی ترجمہ اور اس کی اشاعت جملہ خدام ادارہ کے لیے وجہ افتخار ہونے کے ساتھ ادارہ کی اہم ترین علمی پیش رفت کے سرنامہ کا ایک مستقل عنوان بھی ہے۔دارالعلوم وقف دیوبند کے نائب مہتمم اور حجة الاسلام اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا ڈاکٹر محمد شکیب قاسمی نے کتاب کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ مقامات مقدسہ حضرت حکیم الاسلام علیہ الرحمہ کی آخری تصنیف ہے، حضرت علیہ الرحمہ اپنی زندگی کے آخری لمحات میں بھی اس کتاب کی اشاعت کے تئیں انتہائی متفکر تھے ، بفضلہ تعالی وبتوفیق خداوندی اور حضرت علیہ الرحمہ کی توجہات باطنی سے حجةالاسلام اکیڈمی اس اہم تصنیف کومعیاری عربی زبان میں منتقل کرنے کی سعادت حاصل کررہی ہے ، حق تعالیٰ اس خدمت کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت سے سرفراز فرمائے ۔آمین

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر