دیوبند: سمیر چودھری۔
قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے مسلم قیدی صدرالدین نے ایودھیا میں بنے رام مندر کی طرز پر لکڑی کا مندر بنا کر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال قائم کی۔ قیدی نے ایک ماہ کی محنت سے یہ مندر تیار کیا ہے۔ قیدی نے مندر کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو سونپنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
ضلع کے قصبہ رام پور منیہاران کاباشندہ صدرالدین کو عدالت نے قتل کیس میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ جیل حکام کے مطابق صدرالدین نو سال سے سہارنپور ضلع جیل میں بند ہے۔ صدرالدین نے ایودھیا میںبن رہے رام مندر کی طرز پر لکڑی کا رام مندر بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی، اس کے بعد جیل انتظامیہ نے انہیں لکڑی اور مندر کی تعمیر میں استعمال ہونے والا سامان فراہم کیا۔ قیدی نے 22 جنوری کو ایودھیا میں شری رام کی مورتی کی پران پرتشٹھا سے قبل لکڑی کا ایک مندر تیار کیا ہے۔ اس کی خواہش ہے کہ وہ ایک بار وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملے اور انہیں یہ مندر پیش کرے۔
جیل جانے سے پہلے صدرالدین لکڑی کی تراش خراش کا کام کرتا تھا۔ صدرالدین لکڑی کے تاجروں کے لیے کام کرتا تھا۔ اس نے تاجروں کی ڈیمانڈ پر لکڑی پر طرح طرح کے نقش و نگار بنائے ہیں۔ جیل حکام کے مطابق صدرالدین لکڑی کی تراش خراش کا بہترین کاریگر ہے۔صدرالدین ضلع جیل میں منائے جانے والے تہواروں جیسے دیوالی، بھیا دوج، ہولی، رکھشا بندھن وغیرہ میں اہم کردار ادا کرتاہے۔ وہ جیل کے احاطے کو سجانے کے لیے سخت محنت کرتا ہے۔
اس سلسلے میں حال ہی میں ضلع جیل میں منعقدہ ایک پروگرام میں پولیس اور انتظامی حکام نے اس کی تعریف کی تھی۔ صدرالدین کا تمام قیدیوں اور جیل حکام کے ساتھ رویہ بہت اچھا ہے۔ اس سلسلہ میں سینئر جیل سپرنٹنڈنٹ امیتابھ دو بے کہاکہ قیدی صدرالدین نے ایودھیا میں بنے بھگوان شری رام کے مندر کی طرز پر لکڑی کا ایک مندر تیار کیا ہے جو بہت خوبصورت ہے۔ مندر کوضلع جیل کے دفتر میں رکھا گیا ہے۔
0 Comments