Latest News

دارالعلوم دیوبند میں ’درسِ مسلسلات‘ کا انعقاد، شیخ ثانی حضرت علامہ قمر الدین گورکھپوری نے شریک طلبہ کو سندِ حدیث سے نوازا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کی دار الحدیث میں شیخ الحدیث ثانی حضرت علامہ قمر الدین گورکھپوری نے طلبہ کے جم غفیر کو” مسلسلات“ کا درس دیا اور اپنی سند سے نوازا۔
آج جمعہ کے روز دارالحدیث دارالعلوم دیوبند میں صبح ساڑھے 8بجے سے ”مسلسلات “ کے درس کا آغاز ہوا۔ شیخ الحدیث علامہ قمر الدین گورکھپوری نے دورہ حدیث کے طلبہ کے سامنے یہ تاریخی درس دیاجو مسلسل تین گھنٹہ تک چلا اور تمام طلبہ پوری توجہ اور انہماک سے درس سنتے رہے۔ درمیان میں ”حدیث اسودین“ پڑھا کر تمام طلبہ میں آب زمزم اور کھجور تقسیم کی گئی۔
درس کے اختتام پر شیخ الحدیث علامہ گورکھپوری نے اپنی سند طلبہ کو دیتے ہوئے کہا کہ میں نے مسلسلات حضرت شیخ زکریاؒ سے پڑھی ہے اور میں اپنی سند سے روایت کرنے کی تم سب کو اجازت دیتا ہوں۔ بعد ازاں دعاءکے ذریعہ اس مجلس کا اختتام ہوا۔
واضح رہے کہ مسلسلات کا درس سال میں صرف ایک مرتبہ دورہ حدیث کے طلبہ کے سامنے دیا جاتا ہے، یہ درس اپنی اسنادی و تاریخی اہمیت کے پیش نظر بہت زیادہ مقبولیت کا حامل ہے۔ اس درس میں دورہ حدیث کے طلبہ کے علاوہ ادارہ کے دیگر طلبہ، اساتذہ اور دور درازسے علماء اور فضلاء شرکت کرتے ہیں اور درس میں شرکت کر کے عظیم سعادت حاصل کرتے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر