Latest News

حدیث رسول شریعت اسلامیہ کا اہم ماخذ ہے، علم حاصل کرنا کمال نہیں بلکہ علم سے اصل مقصود عمل ہے، معہد عائشہ الصدیقہ دیوبند میں ختم بخاری شریف کے موقع پر آخری درس دیتے ہوئے مولانا ندیم الواجدی کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
تعلیم نسواں کے ممتاز و قدیم ادارہ معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند میں جشن بخاری کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں معہد کے ناظم اور ممتاز عالم دین مولانا ندیم الواجدی نے بخاری شریف کا آخری درس دیا، اس سال معہد میں (40) چالیس طالبات دورہ حدیث شریف میں شریک رہیں۔اس موقع پر مولانا ندیم الواجدی نے تدوین حدیث کی ضرورت واہمیت اور اس سلسلے میں محدثین کی کوششوں پر روشنی ڈالی، انھوں نے کہا کہ امام بخاریؒ نے نہ معلوم کس قدر اخلاص کے ساتھ یہ کتاب لکھی تھی، جس کی بنا پر اللہ تعالیٰ نے ان کی اس عظیم کتاب کو وہ مقبولیت عطا فرمائی کہ مخلوق خدا کی کتابوں میں جس کی نظیر نہیں پیش کی جاسکتی، اللہ تعالیٰ نے اس کتاب کو جو شہرت عطا فرمائی اس سے زیادہ کا تصور نہیں کیا جاسکتا، امام بخاریؒ نے اس کتاب کے تراجم ابواب مسجد نبوی کے ریاض الجنہ میں اور احادیث خانہ کعبہ کے سائے میں سولہ سال کی مدت میں اس شان سے لکھیں کہ ہر ترجمہ الباب لکھنے سے پہلے اور اس ترجمے کے تحت مطلوبہ حدیث درج کرنے سے قبل دو رکعت نماز ادا کی، آج امت کا سواد اعظم اس کتاب کی صحت پر اتفاق رکھتا ہے۔ مولانا نے بخاری شریف کی آخری حدیث پر سیر حاصل بحث کی،اس موقع پر مولانا نے فن حدیث کی اہمیت وفضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حدیث رسول شریعت اسلامیہ کا اہم ماخذ ہے۔ انھوں نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں سے عالمہ بن کر جارہی ہیں، یاد رکھئے علم حاصل کرنا اور عالم بننا کوئی بڑا کمال نہیں بلکہ علم سے اصل مقصود عمل ہے، اگر عمل نہ ہو تو علم بے کار ہے، آپ عالمہ بنی ہیں تو آپ کو عمل کرنے والی بھی بننا ہے، جو کچھ آپ نے پڑھا اورسیکھا ہے اس پر عمل کریں اور دوسروں کو بھی سکھلائیں۔ آپ کو چاہئے کہ آپ کی آنے والی زندگی خواہ وہ آپ کے والدین کے گھر میں گزرے یا شوہر کے گھر میں، اتباع سنت اور شریعت کے سانچے میں ڈھلی ہوئی ہونی چاہئے۔ مولانا نے کہا کہ والدین سے بھی میری درخواست ہے کہ وہ اپنی بچیوں کی اصلاح حال کا جائزہ لیتے رہیں، اس دور کا سب سے بڑا فتنہ بے پردگی ہے، اس میں بڑی کوتاہی ہورہی ہے، پردے کا اہتمام شریعت کے حکم کے مطابق ہونا چاہئے۔
اس موقع پر معہد کے استاذ مولانا محمود الرحمن قاسمی نے طالبات اور گھریلو خواتین کے لیے جاری دو سالہ دینیات کورس کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ تین سال سے ادارہ آن لائن اس کورس کو چلا رہا ہے اس کے ذریعہ خواتین اور طالبات استفادہ کررہی ہیں،انہوں نے بتایا کہ تین سال قبل ہی معہد میں ایک سالہ افتاء و تمرین فتاویٰ کورس بھی شروع کیا گیا تھا جو بحمد اللہ جاری ہے، فاضلات اس سے استفادہ کررہی ہیں اور اس کے مفید اور مثبت نتائج ظاہر ہورہے ہیں۔ اس موقع پر دو سالہ دینیات اور افتاءمیں کامیاب ہونے والی طالبات کے رزلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔ پروگرام کا اختتام دارالعلوم دیوبند کے استاذ مولانا قاری محمد فوزان کی رقت آمیز دعا پر ہوا، اس تقریب میں معہد کی مدیرہ محترمہ عفت ندیم الواجدی صاحبہ، معلمات، طالبات اور بیرون دیوبند کی سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر