Latest News

دیوبند میں دلت نوجوان کی لاش درخت پر لٹکی ملنے سے سنسنی، اہل خانہ کا نوجوان کے قتل کا الزام، پولیس اور فارنسک ٹیم جانچ میں مصروف۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
تحصیل دیوبند کے تحت آنے والے گاوں مایاپور کے باشندہ دلت نوجوان راجن (22) کی لاش پیر کی صبح بیر پور گوجر کے جنگل میں ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملنے سے سنسنی پھیل گئی۔ جیسے ہی اس واقعہ کی اطلاع آس پاس کے علاقوں میں پہنچی تو موقع پر لوگوں کا بڑا ہجوم جمع ہو گیا۔ 
اطلاع ملنے پر راجن کے اہل خانہ بھی موقع پر پہنچے، متوفی نوجوان کے والد یشپال نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے بیٹے کا قتل کیا گیا ہے۔کھیڑہ مغل کے چوکی کے تحت آنے والے مایاپور کے باشندہ نوجوان راجن کی لاش بیرپور گوجر کولہو کے پاس ایک پیڑ سے لٹکی ہوئی ملنے سے سنسنی پھیل گئی۔ گھر والوں نے دوسری برادری کے کچھ لوگوں پر نوجوان کے قتل کا الزام لگایاہے۔ انہوں نے بتایا کہ راجن کولہو میں مزدوری کرتا تھا، متوفی کے والد یشپال کا کہنا ہے کہ چار روز قبل گاﺅں کے کچھ دبنگ لوگوں نے راجن کے ساتھ مارپیٹ کی تھی اور اب ان لوگوں نے ہی ان کے بیٹے کو قتل کر کے اس کی لاش کو درخت پر لٹکا دیا ہے۔ 
اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی بھیم آرمی کے کارکنان بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہو گئے اور پولیس نے فوری طورپر معاملہ کا انکشاف کرنے کامطالبہ کیا۔اطلاع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور پورے علاقہ میں اعلیٰ حکام کی ہدایت پر سرگرمیوں کو تیز کر دیا ہے۔ لاش ملنے کی جگہ پر پولیس کو بڑی تعداد میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ کی جگہ پر فارنسک ٹیم پہنچ گئی ہے اور پورے معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ راجن کے والد کی جانب سے قتل کئے جانے کا الزام عائد کرنے کے بعد پولیس نہایت سنجیدگی کے ساتھ پورے معاملہ کی تحقیق کرنے میں مصروف ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر