Latest News

اسلامی عقائد و نظر یات کی حفاظت ہمارا بنیادی مقصد ہے، ’شعبہ مناظرہ‘ کے سالانہ پروگرام میں مفتی سلمان منصور پوری کاخطاب، طلبہ کو انعامات سے نوازاگیا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کی فعال انجمن تقویة الاسلام ”شعبہ مناظرہ“ کا سالانہ اختتامی پروگرام کا انعقاد قدیم دارالحدیث میں کیاگیا۔ پروگرام صدارت مفتی سید سلمان منصورپوری نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولوی کامران رامپوری نے انجام دیئے۔ اس دوران پروگرام ”حقیقی اسلام بمقابلہ موڈرن اسلام“ کے موضوع پر مشقی مناظرہ کی شکل میں پیش کیا گیا، جس میں اہل سنت والجماعت کی جانب سے ترجمانی کے فرائض مولوی ناصر الدین احمد نعمانی جبکہ متجددین کی طرف سے مولوی احمد عمر امبیڈکر نگری نے انجام دئیے۔ 

پروگرام کا آغاز مولوی سالم گونڈوی کی تلاوتِ کلام اللہ سے ہوا،بعد ازاں مولوی ذیشان گڈاوی نے شان رسالت اقدس میں نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔ شعبہ مناظرہ کے نائب ناظم مولوی حذیفہ امروہوی نے مناظرہ کے موضوع ”حقیقی اسلام بمقابلہ موڈرن اسلام“  کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی اسلام وہی ہے جسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم 1400 سال پہلے لیکر آئے تھے اور جس کی تعلیمات قرآن مجید اور حدیث شریف میں واضح طور پر موجود ہیں، نیز انہوں نے اس زمانہ میں رونما ہونے والے نئے نئے باطل افکار و نظریات پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔ 
مفتی سلمان منصور پوری نے اپنے صدارتی خطاب میں طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انکی محنت اور کوشش کی ستائش کی۔ انہوں نے موجودہ وقت میںاسلامی عقائد و نظر یات کی حفاظت اور مذہبِ اسلام کی حقانیت ثابت کرنے نیز باطل افکار و نظریات کا مقابلہ کرنے کے لئے اس طرح کی انجمنوں اور پروگراموں کی ضرورت پر زور دیا۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی مفتی امین پالن پوری اور مناظرہ کے حَکَم مولانا مزمل بدایونی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروگرام پیش کرنے والے طلبہ کی کوششوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ 
پروگرام کے اخیر میں پورے سال انجمن سے وابستہ رہنے والے افراد اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو گراں قدر انعامات سے نوازا گیا۔ سالانہ مسابقہ صحافت میں پوزیشن حاصل کرنے والے مولوی مرشد امروہوی اور مولوی احمد وصیف دیوبندی اسی طرح ریکارڈ بنانے والے طلبہ کو خصوصی انعام جبکہ دیگر شرکاءکو عمومی انعام سے نوازا گیا۔پروگرام میں مولانا محبوب فروغ استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند، مولانا حکیم فخرالاسلام الٰہ آبادی، مولانا اشتیاق، جنید اکرم و اسلم، ابوشحمہ، محمد ذیشان، محمد ندیم ، محمد محفوظ، زید بلندشہری، محمد عاطف بدایونی، وغیرہ بڑی تعداد میں طلبہ شامل رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر