Latest News

اسلامی روایات کی بقاء و تحفظ مدارس کے طفیل ہے, جامعۃ الشیخ میں شیخ الحدیث مولانا مزمل علی قاسمی نے دیا ختم بخاری شریف کا آخری درس، فضلاءکو دستار فضیلت سے نوازا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
معروف دینی ادارہ جامعۃ الشیخ حسین احمد مدنی میں دیوبند میں ختم بخاری شریف کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ادارہ کے بانی و مہتمم اور شیخ الحدیث مولانا مزمل علی قاسمی نے دورہ حدیث کے600 طلبہ کو بخاری شریف کا آخری درس دیا، ساتھ ہی افتا ء، ادب اور تفسیر کے 250طلبہ کی دستار بندی کی اورایک طالبعلم کا نکاح بھی پڑھایا۔
اس موقع پر مولانا مزمل علی قاسمی نے احادیث نبوی کی فضیلت وکمالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے اسلاف کی تاریخ کا مطالعہ کرنے اور اس سے سبق لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فارغ ہونے والے طلبہ کو آخری درس دےکر اجازت حدیث دیتے ہوئے حدیث سے متعلق گراں قدر علمی نکات بیان کئے ساتھ ہی فارغ ہونے والے طلبہ کو یہ تاکید کی کہ وہ تقویٰ وطہارت کے ساتھ زندگی گزاریں، اپنے علم کا وقار باقی رکھیں اور تمام خدمات رضائے الٰہی کے لیے انجام دیں۔ مولانا مزمل علی قاسمی نے کہا کہ آج ہندوستان میں اسلامی روایات کی بقاءو تحفظ ان ہی مدارس کے طفیل ہے، اکابر کی خدمات اور ان کی روایات کا تسلسل بدستور جاری ہے، جو نسل در نسل منتقل ہوکر آپ تک پہنچ رہی ہے، جس دیانت و امانت کے ساتھ اکابر نے ان روایات کا تحفظ کیا آپ کو بھی اسی دیانت و صداقت اور امانت کے ساتھ اس روایت کو آگے پہونچانا ہے، آپ کی کردار و گفتار، اعمال و افعال اور اخلاق و معاملات خالص اسلامی اصول کے ضوابط کے مطابق ہونے چاہئے، اپنی زندگی سنت نبوی کے مطابق ڈھالیں، نیز تزکیہ نفس کی جانب توجہ کریں مولانا مزمل نے عالم اسلامی کی موجودہ صورت حال پر افسوس اور تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ آپ مذہب اسلام کے سچے اور امن و سلامتی کے پیغام کو پوری دنیا تک پہنچائیں۔ 
درس کے اختتام پر مولانا مزمل نے امن عالم اور ملک وقوم کی سلامتی کےلئے رقت آمےز دعا کرائی۔ اس موقع پر ادارہ مےں زیر تعلیم جملہ طلبہ کے علاوہ مولانا سمیع الدےن قاسمی سمیت علماءاور جامعہ کے اساتذہ سمیت علاقہ کے لوگ بھی بڑی تعداد میں موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر