Latest News

دارالعلوم دیوبند کی جانب سے سالانہ تعطیل کے موقع پر سفر کرنے والے طلبہ کے لیے خصوصی اور ضروری ہدایات جاری۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دارالعلوم دیوبند نے موجودہ حالات کے پیش نظر اپنے طلبہ کے لئے سفر سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لئے ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تعطیلات رمضان کے موقع پر جو طلبہ اپنے وطن کا سفر کریں وہ سفر میں احتیاط اختیار کریں، دوران سفر آج کل کے حالات ملکی ہوں یا غیر ملکی، مذہبی ہوں یا سیاسی پر گفتگو کرنے سے پرہیز کریں تاکہ بحث و مباحثہ کے درمیان کوئی نا گہانی یا نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، دوران سفر خود کو ذکر و اذکار میں مشغول رکھیں یا پھر خاموشی اختیار کریں، طلبہ کو نصیحت کی گئی ہے دوران سفر اگر کچھ افراد کی طرف سے کوئی نا گوار بات پیش بھی آتی ہے تو صبر و تحمل سے کام لیا جائے اور خوش دلی کے ساتھ خود کو اس سے محفوظ رکھیں اور اپنے اسلامی اخلاقی حسنہ کا مظاہرہ کریں۔
تعطیل پر روانہ ہونے والے طلبہ کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ضرورت پڑنے پر ریلوے کی ہیلپ لائن 139کا استعمال کریں یا ٹرین رکنے پر اس اسٹیشن کی ریلوے پولیس سے شکایت کریں یاد رہے کہ دارالعلوم دیو بند میں اس وقت سالانہ امتحان چل رہے ہیں اور آج کل میں ہی طلبہ کی تعطیلات شروع ہونے جارہی ہے، دارالعلوم میں اس وقت چار ہزار سے زائد ملک کے مختلف صوبوں و اضلاع باالخصوص بہار، بنگال، کیرالہ، تمل ناڈو، مہاراشٹر، گجرات اور راجستھان کے طلبہ داخل ہیں جو تعطیلات میں بذریعہ ٹرین اپنے گھروں کو واپس ہوں گے طلبہ کی کثیر تعداد کے سبب ٹرین میں کئی بار جگہ اور سیٹ کو لیکر کئی بار نا خوشگوار حالات پیدا ہوچکے ہیں کئی مرتبہ ٹرین میں دارالعلوم دیوبند کے طلبہ کے ساتھ مار پیٹ اور بد سلوکی جیسے حادثات پیش آچکے ہیں اگر چہ اس کے بعد سے ریلوے پولیس اور خفیہ محکمہ اس سلسلہ میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہیں لیکن پھر بھی ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر اس بات کا اندیشہ بنا رہتا ہے کہ اسلامی شعار کے ساتھ جو طلبہ سفر کرتے ہیں انکے ساتھ کوئی حادثہ پیش نہ آجائے، دارالعلوم دیوبند انتظامیہ اس سلسلہ میں بیدار ہے اور اپنے طلبہ کو صبر و تحمل کی تلقین کے ساتھ ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر