Latest News

دارالعلوم زکریا دیوبند میں ختم بخاری شریف کا انعقاد، مفتی راشد اعظمی نے احادیث نبوی کی فضیلت وکمالات بیان کئے۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
 اسٹیٹ ہائیوے پرواقع ممتاز دینی درسگاہ دارلعلوم زکریا دیوبند میں ختم بخاری شریف کے پروگرام کا انعقاد ہوا۔اس موقع پردارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا مفتی راشد اعظمی نے دورئہ حدیث کے طلبہ کو بخاری شریف کا آخری درس دیا۔
اس دوران علمائ کے بدست دورہ حدیث مکمل کرنے والے ساڑھے پانچ سو طلبہ کی دستار بندی عمل میں آئی۔ مفتی راشد اعظمی نے احادیث نبوی کی فضیلت وکمالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ علمی اصطلاح میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے قول و عمل دونوں پرسنت کا اطلاق ہوتاہے، سنت کا لغوی معنی بھی طریقہ ہے اورسیدھے طورپریہ کہا جا سکتا ہے کہ جوعمل آپ کے قول سے یاعمل سے ثابت ہووہ سنت ہے۔ شریعت میں سنت کی غیر معمولی اہمیت ہے اور مسلمانوں کایہ امتیازہے کہ اللہ کے نبی نے اپنی امت کی اجتماعی و انفرادی زندگی کے تمام شعبوں میں رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے آخری حدیث پر سیر حاصل گفتگو کی اور طلبہ کو نیتوں کو درست رکھنے کی تلقین کی۔
صدارتی خطاب میں ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی محمد شریف خان قاسمی نے علم دین کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علم کے حصول کے بعد انسان عجز وانکساری کا نمونہ بن جاتا ہے خلق خدا کی خدمت اور اس سے محبت کا جذبہ دلوں میں جاں گزیں ہوجاتا ہے، علم کے ذریعہ انسان خدا کو پہنچانتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری ذلت و رسوائی کا واحد سبب دین سے دوری ہے اسلئے قرآنی تعلیمات کو مضبوطی کے پکڑیں اور سماج کے ہر طبقہ تک علم دین کی روشنی پہنچائیں، یہ آپ تمام فضلائکا فریضہ ہے۔آپ پر یہ عظیم ذمہ داری عائد ہوئی ہے کہ آپ اپنے اندر علم واخلاص کی دولت کے ساتھ احقاق حق وابطال باطل کے فرائض انجام دیں۔
ادارہ کے شیخ الحدیث مفتی منتظر الحسن قاسمی نے بھی پرمغز خطاب کیا۔ علاوہ ازیں شیخ الحدیث مفتی سمیع اللہ خاں، مفتی ثابت، ناظم تعلیمات مفتی مفتی ہارون، مفتی عطائالرحمان اور مولانا افاض الدین آسامی نے بھی طلبہ کو نصیحتوں سے نوازا۔ 
آخر میں مولانا مفتی محمد شفیع اللہ خان نے تمام مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا۔بنظامت کے فرائض مفتی شاہنواز خان نے انجام دئے۔ اس دوران قاری سلمان، قاضی طارق جلاآبادی، مفتی طارق انور قاسمی، مفتی بابر وغیرہ سمیت جملہ استاذہ و طلبہ کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر