Latest News

دیوبند میں اے ٹی ایس سینٹرکا افتتاح، ملک مخالف عناصر کے خلاف اے ٹی ایس افسر فوری اقدام کریں گے: سی ایم یوگی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کے روز اترپردیش کے پانچ الگ الگ مقامات پر قائم کئے جانے والے اے ٹی ایس سینٹروں کا لکھنو سے راست طور پر (ورچول) افتتاح کیا۔ ان سینٹروں میں دیوبند کا اے ٹی ایس سینٹر بھی شامل ہے۔
اس افتتاحی پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبہ میں لاءاینڈ آرڈر کی صورت حال 2017 سے پہلے کے مقابلہ بہت بہتر ہوئی ہے، یہی وجہ ہے کہ اترپردیش میں اب بڑی صنعتوں کے ساتھ ساتھ ٹورزم کے میدان میں بھی ترقی ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے پورے صوبہ میں روزگار کے مواقع کافی زیادہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس محکمہ کو جدید بنائے جانے کے بعد انصاف ملنے میں بھی تیزی آئی ہے۔ دیوبند کے اے ٹی ایس سینٹر کے افتتاح کے موقع پر پی ڈبلیو ڈی کے وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ نے کہا کہ دیوبند میں اے ٹی ایس سینٹر کے قیام کا مطلب کسی کو خوف زدہ کرنا نہیں ہے؛ بلکہ شر پسند عناصر اور ملک کے تئیں منفی سوچ رکھنے والوں پر نظر رکھنا ہے۔ 

دیوبند کے ریلوے روڑ پر واقع اے ٹی ایس سینٹر کے احاطہ میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کے دوران وزیر مملکت نے کہا کہ ملک کی اور صوبہ کی حفاظت نیز عام آدمی کی حفاظت کے مد نظر اس سینٹر کو قائم کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ڈاکٹر وپن تاڑا نے کہا کہ آج جس اے ٹی ایس سینٹر کا افتتاح ہوا ہے آنے والے وقت میں اس کی اہمیت کا اندازہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان سینٹروں کے قیام سے پہلے بد امنی پھیلانے والے اور ملک کے خلاف کام کرنے والوں کے لئے لکھنو سے کاروائی کی جاتی تھی، لیکن اب یہ سینٹر اپنے علاقوں میں موثر طریقہ سے کاروائی انجام دیں گے۔ ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندرا نے کہا کہ دیوبند میں اے ٹی ایس سینٹر کا قیام حکومت کا دور اندیشی والا کام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اکثر اس پورے علاقہ سے ملک مخالف انپٹ ملتے تھے، اس لئے ان حالات کے پیش نظر دیوبند میں اے ٹی ایس کے سینٹر کے قیام کا فیصلہ کیاگیا۔ 

دیوبند کے ایس ڈی ایم انکور ورما نے بھی دیوبند میں اے ٹی ایس سینٹر کے قیام کو قانونی نظم و نسق بہتر سے بہتر رکھنے کے لئے حکومت کا ضروری اور اہم قدم قرار دیا۔ اس موقع پر بی جے پی کے ضلع صدر ڈاکٹر مہیندر سنگھ سینی، کو آپریٹیو بینک کے چیئرمین چودھری راج پال سنگھ، شیو راج سنگھ روڑ، بی جے پی شہر صدر ارون گپتا، میونسپل بورڈ کے چیئرمین وپن گرگ، بلاک پرمکھ کے نمائندہ وپن تیاگی، ایس پی دیہات ڈاکٹر ساگر جین، سی او اشوک سسودیا اور دیگر افسران موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر