Latest News

راجندر سنگھ رانا کی بیٹی بی جے پی میں ہوئی شامل، پارلیمانی الیکشن سے قبل سماجوادی پارٹی کو جھٹکا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
سماج وادی پارٹی کے قدر آور لیڈر رہے سابق وزیر آنجہانی راجندر رانا کی بیٹی پریم ودا رانا آ ج بی جے پی میں شامل ہوگئی۔ 
واضح ہو کہ پریم ودا کے والد کے علاوہ والدہ اور بھائی سماج وادی پارٹی سے انتخاب لڑ چکے ہیں۔ تفصیل کے مطابق پارلیمانی انتخاب 2024 سے قبل عوامی نمائندوں اور سماجی شخصیات کا پارٹی بدلنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ اکھلیش یادو کے دور حکومت میں وزیر مملکت رہنے والے آنجہانی راجندر رانا کی بیٹی پریم ودا رانا بدھ کے روز لکھنو پہنچیں اور انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی۔ 
لکھنو میں بی جے پی کے صدر دفتر میں منعقد ایک پروگرام میں بی جے پی کے صوبائی صدر چودھری بھوپیندر سنگھ اور نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ و برجیش پاٹھک نے پریم ودا کو بی جے پی کی رکنیت دلائی۔ یاد رہے کہ راجندر رانا نے 2004میں بہوجن سماج پارٹی سے بغاوت کر کے ملائم سنگھ یادو کی حکومت قائم کرائی تھی، جس کے بعد انہیں وزیر مملکت بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد سال 2012میں دیوبند اسمبلی حلقہ سے الیکشن جیت کر اکھلیش یادو کی حکومت میںوزیر مملکت کے عہدہ پر رہے ۔ راجندر رانا کی موت کے بعد پریم ودا باقاعدہ سرگرم سیاست میں سامنے آگئی تھیں، اس دوران سماج وادی پارٹی کی جانب سے ضمنی انتخاب کے لئے ان کی والدہ اور پھر 2022میں ان کے بھائی کارتک رانا کو امید وار بنایا گیا تھا؛ لیکن انہیں کامیابی نہیں مل پائی تھی، اب پریم ودا کے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد ضلع سہارنپور کے بی جے پی کارکنان و ذمہ داران کے یہاں خوشی کا ماحول ہے اور یہ سماجوادی پارٹی کے لئے ایک جھٹکا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر