Latest News

جمعیۃ علماء ہند کی ممبر سازی کے لئے دیوبند میں لگایا کیمپ، دیوبند تحصیل سے پچاس ہزار ممبران بنانے کا ہدف: مفتی خادم حسین۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
محلہ پٹھانپورہ، ریتی چوک میں جمعیۃ علماءہند تحصیل دیوبند کی ممبرسازی کے لیے ایک کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں محلہ پٹھانپورہ دیوبند کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور جمعیۃ علماءہند کے مشن کو آگے بڑھانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے جمعیۃ کی رکنیت لی۔ 

ممبرسازی کیمپ میں جمیعت کے آرگنائزر مولانا و مفتی خادم حسین قاسمی نے جمعیۃ علماءہند کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ہندوستان کی ایک واحد جماعت ہے جو ہر موقع پر ہندوستان کے لوگوں کو سیدھی اور سچی راہ دکھانے کی کوشش کرتی ہے اور جمعیۃ علماءہند امن اور بھائی چارہ ، حب الوطنی اور گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے کے لیے 1919ہی سے اپنی تاریخ کو روشن کیے ہوئے ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ جمعیة علماءہند ہر مظلوم ، بے گناہ و بے قصور لوگوں کو بلا امتیاز مذہب و ملت رہائی کرانے کا کام انجام دیتی رہی ہے۔ خادم حسین قاسمی نے کہا کہ اس وقت پورے ہندوستان میں جمعیة علماءہند کی ممبر سازی جاری ہے ۔ جمعیة علماءہند کی ہر یونٹ اس ممبرسازی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے اور جمعیة علماءہند کے مستقبل کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے میں نمایا کردار انجام دینا اپنا فرضِ منصبی سمجھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محلہ پٹھانپورہ دیوبند کے باشندگان بھی جمعیة علماءہند کی ابتدائی ممبر سازی کوعہدے داران جمعیة علماءہند کے سامنے شریک ہو کر کے کامیاب بنا رہے ہیں اور تقریباً ایک ہزار ممبر بن کر کے خیر سگالی کا ثبوت پیش کر رہے ہیں ۔ 
مفتی خادم حسین قاسمی آرگنائزر جمعیة علماءہند نے بتایا کہ ہم اس مرتبہ سب ڈسٹرکٹ دیوبند میں ان شاءاللہ 50,000 ممبر بنانے کا عزم و ارادہ رکھتے ہیں، جس کے سلسلہ میں شہر دیوبند و دیہات میں تقریباً 40 کیمپ ممبرسازی کے لیے لگائے جائیںگے جبکہ ممبرسازی 2022-23 میں 27 کیمپ لگائے گئے تھے۔ ممبرسازی کے اس کیمپ میں ممبر بنانے کے لیے ذمہ دارانِ جمعیة علماءہند میں سے مفتی خادم حسین قاسمی کے علاوہ حاجی محمد یاسین صدر جمعیة علماءدیوبند، مولانا مفتی محمداخلاق قاسمی جنرل سکریٹری جمعیة علماءدیوبند نمایاں طور پر موجود رہے۔

اس دوران محمد وریام خان، فخر الدین انصاری ، مولانا فیض الحسن قاسمی، حاجی محمد عمران قریشی، ڈاکٹر محمد نظام خان، محمد شمیم قریشی، محمد عیسیٰ، حافظ ریان، حافظ محمد طیب خان، حافظ عظیم، حافظ عمر فاروق، حافظ محمد کیف، محمد نوشاد قریشی کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر