Latest News

سہارنپور سیٹ پر انتخابی میدان تیار، عوام کو امیدواروں کا انتظار، بی جے پی اور کانگریس نے فائنل نہیں کیا اب تک کسی کا ٹکٹ۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
لوک سبھا انتخابات کے لیے میدان تیار ہو گیا ہے۔ لیکن ابھی میدان کے کھلاڑیوں کا سبھی کو انتظار ہے، 2019 میں بہت کم فرق سے ہارنے کے بعد یہ سیٹ بی جے پی کے لیے ایک چیلنج بنی ہوئی ہے۔ بی جے پی نے زیادہ تر سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ 
کیرانہ سیٹ پر بھی موجودہ ایم پی پردیپ چودھری کو پہلی فہرست میں امیدوار بنایا گیا تھا، لیکن اس سیٹ پر گہری سوچ بچار جاری ہے۔ سابق ایم پی راگھو لکھن پال کو سہارنپور سیٹ کے مضبوط دعویداروں میں شمار کیا جاتا ہے، لیکن جب ان کا نام پہلی فہرست میں نہیں آیا تو ہر طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔ سیاسی ذرائع کی مانیں تو راگھو لکھن پال کے علاوہ بی جے پی کے کئی دیگر لیڈران بھی اندرونی طور پر ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم انتخابی شیڈول کا اعلان ہوتے ہی یہ انتظار ایک دو دن میں ختم ہو جائے گا کہ بی جے پی سے کون امیدوار ہوگا۔
وہیں دوسری طرف کانگریس بھی امیدوار کے بارے میں سوچ بچار میں مصروف ہے۔ اگر سیاسی ذرائع کی مانیں تو کانگریس کی اسکریننگ کمیٹی نے سابق ایم ایل اے عمران مسعود اور سابق ایم ایل سی گجے سنگھ کے ناموں کو فائنل کر کے ہائی کمان کو سونپ دیا ہے۔ گجے سنگھ سال 2000 میں بلاک چیف رہے تھے اور 2004 میں ایم ایل سی الیکشن جیتے تھے۔ 2009 میں انہوں نے لوک سبھا کا الیکشن بھی لڑا، لیکن جیت نہ سکے۔ تاہم سابق ایم ایل اے شروع سے ہی یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہیں ٹکٹ ملے گا۔ دیکھنا یہ ہے کہ پارٹی کس پر داﺅ لگاتی ہے۔

سہارنپور سیٹ پر صرف بی ایس پی نے لوک سبھا حلقہ انچارج ماجد علی کو میدان میں اتارا ہے۔ کپڑے کا کاروبار کرنے والے ماجد علی فی الحال ضلع پنچایت کے رکن ہیں۔ پچھلی بار بی ایس پی نے اتحاد سے حاجی فضل الرحمان کو میدان میں اتارا تھا، جنہوں نے بی جے پی کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ بی ایس پی نے ایک بار پھر مسلم اکثریتی سمجھی جانے والی سہارنپور لوک سبھا سیٹ پر مسلم کارڈ کھیلا ہے۔ اگرچہ ایم پی حاجی فضل الرحمان بھی ٹکٹ کا مطالبہ کر رہے تھے لیکن پارٹی نے انہیں ٹکٹ نہیں دیا۔ جس کے بعد انہوں نے کئی بار میڈیا کو بیان دیا کہ وہ پارٹی چھوڑ رہے ہیں۔ اب ان کا کہنا ہے کہ وہ پارٹی میں رہیں گے، لیکن غیر جانبدار رہیں گے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر