Latest News

دیوبند کی برگزیدہ خاتون کی ماریشس میں وفات، معزز شخصیات، علماء کرام ومتعلقین نے پسماندگان سے کیا اظہار تعزیت۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
انتہائی افسوس کے ساتھ یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ محلہ شاہ رمزالدین دیوبند کے قدیم باشندہ اور معروف شخصیت مولانا افضال الٰہی عثمانیؒ کی ہمشیرہ موسوم بہ بریرہ آپا کا گزشتہ شب ماریشس میں طویل علالت، کبر سنی اور معذوری کی حالت میں تقریباً 90سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ انَّا لِلّٰہِ وَانِّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن۔
مرحومہ نہایت عابدہ، زاہدہ اور تقویٰ والی، خوش مزاج، ملنسار، خوش اخلاق اور منکسرالمزاج خاتون تھیں اور اپنی ملنساری کی وجہ سے ماریشس کے مسلم گھرانوں میں بہت مقبول تھیں۔ عرصہ تک مدینہ منورہ میں مقیم رہیں، بعد ازاں ماریشس منتقل ہوگئیں اور وہیں سے سفر آخرت پر روانہ ہوگئیں۔ ان کے بھتیجے عبیر اخلاص احمد نے بذریعہ فون بتایا کہ مرحومہ عرصہ دراز سے صاحب فراش تھیں، معذوری اور کبرسنی کے باعث اپنی ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر تھیں، گزشتہ شب جیسے ہی ان کے انتقال کی خبر دیوبند پہنچی تو ماحول سوگوار ہوگیا اور تمام عزیز واقارب، رشتہ داروں اور متعلقین نے حادثہ وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت مسنونہ پیش کی اور مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت کی۔ ان کے انتقال پر جمعیۃ علماء ہند کے قائد مولانا سید ارشد مدنی، مولانا سید محمود مدنی، مولانا اسجد مدنی، ڈاکٹر عبید اقبال عاصم، نوید اقبال اعظم، قاضی فرحان، قاضی دانش، حافظ محمد سعد، محمد احمد، ریکس ریمیڈیز کے ڈائریکٹر منیف اختر، عارف سہیل، محمد اسلم، فرحت حسین، سید آصف حسین، محمد انس صدیقی کے علاوہ دارالعلوم دیوبند، دارالعلوم وقف اور دیگر مدارس کے علماء واساتذہ کے علاوہ دبئی سے زہیب الدین صدیقی، دہلی سے محمد ثاقب اور جملہ متعلقین نے متأثرہ خاندان اور جملہ پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ مرحومہ کی تدفین گزشتہ شب ہندوستان کے وقت کے مطابق تقریباً ساڑھے گیارہ بجے ماریشس کے الاحسان قبرستان میں عمل میں آئی۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے آمین نیز جملہ پسماندگاہ کو صبر جمیل سے نوازے۔ 

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر