Latest News

ام المدارس اور دارالعلوم وقف دیوبند میں جدید داخلوں کی کارروائی جاری، داخلہ فارم پرُ کرنے کی تاریخ ختم، امتحان اور نتائج کا سلسلہ شروع، دارالعلوم زکریا، معہد انور اورجامعۃ الشیخ میں بھی داخلہ کارروائی کا آغاز۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند اور دارالعلوم وقف دیوبند میں جدید داخلے کی آرزو لے کر مرکز علم و ادب کی بستی دیوبند میں ہزاروں طلبہ قیام پذیر ہیں ، جن کی آمد سے دیوبند کی فضا منور ہے اور ہر سو داخلے کے خواہشمند طلبہ کا جم غفیر ہے، مہمانان رسول امتحان داخلے میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے شب و روز محنت اور دعاوں میں مصروف ہیں۔
دارالعلوم دیوبند میں 18 اپریل سے داخلہ امتحان شروع ہوئے تھے، جس کے بعد پنجم تک موقوف علیہ کا نتیجہ آگیاہے، جس سے طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے دیوبند سے دیگر مدارس کا رخ کرنا شروع کردیاہے، جبکہ ششم،ہفتم اور دورہ کی موقوف علیہ کی کتابوں کا نتیجہ بہت جلد آنے کی امید ہے ،وہیں حفص اردو ( شعبہ تجوید قرات ) میں طلبہ کی عمر کی 15 سال کی قید کو بڑھا کر 18 سال کردیاگیاہے۔ دارالعلوم دیوبند میں آج سے اول، دوم، سوم کے تقریری امتحان کا آغاز ہوگیاہے۔
واضح رہے کہ اس سال تقریباً دس ہزار طلبہ نے یہاں داخلہ فارم پرُ کیا تھا۔ گزشتہ سالوں سے دارالعلوم دیوبند کے نظام داخلہ میں کئی تبدیلیاں کی گئی تھیں ،جس کے تحت پہلے مرحلہ میں موقوف علیہ کی کتابوں کا امتحان ہورہاہے۔اول عربی تا دورہ حدیث شریف تک کے طلباءکے لئے ایک ایک کتاب کے امتحان کو بنیاد بناکر اس کی کامیابی کے بعد آگے امتحان میں شراکت کو یقینی بنایا جارہاہے ۔ وہیں حفص اردو سمیت تمام درجات کے لئے درخواست برائے داخلہ جمع کرنے کی آج 22 اپریل آخری تاریخ تھی۔ جبکہ دارالعلوم وقف دیوبند میںا تقریباً آٹھ ہزار سے زائد درخواست برائے داخلے تقسیم ہوئی، یہاں داخلہ کارروائی بہت تیزی سے عمل میں آئی ہے، تمام امتحان مکمل ہونے کے بعد ششم تک کے نتائج بھی آگئے ہیں۔ اس بابت نائب مہتمم مولانا محمد شکیب قاسمی نے بتایا کہ جدید داخلہ امتحا ن مکمل ہوگیاہے۔ نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے،انشاءاللہ 15 شوال سے نئے تعلیم سال کا آغاز کردیا جائیگا۔
وہیں جی ٹی روڈ پرواقع ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا کی مجلس تعلیمی نے اس مرتبہ بڑی تعداد میں طلبہ کو داخلہ دینے کو منظوری دی ہے۔ ادارہ میں اول عربی تا دورہ حدیث شریف و دیگر جماعتوں کے لئے داخلہ امتحان کی کارروائی شروع ہوچکی ہے۔ جامعۃ الشیخ حسین احمد مدنی اور جامعہ امام محمد انور شاہ میں بھی داخلہ امتحان کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ وہیں سبھی اداروں میں غیر ملکی طلبہ کے لئے تعلیمی ویزا لازمی قرار دیا گیا ہے، حصول تعلیم کے لئے ٹورسٹ ویزا قابل قبول نہ ہوگا۔ واضح رہے کئی سالوں سے غیر ملکی طلبہ کے تعلیمی ویزا پر پابندی کی وجہ سے غیر ممالک سے آنے والے طالبان علوم نبویہ کی تعداد نہ کے برابر ہے ۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر