Latest News

سہارنپور پارلیمانی سیٹ پر پُرامن طریقہ سے پولنگ مکمل، دیوبند میں ۶۵ اور سہارنپور میں ۶۸ فیصد لوگوں نے کیا حق رائے دہی کا استعمال، پُر امن ووٹنگ ملک کے لئے اچھی علامت: مولانا سید ارشد مدنی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
پارلیمانی الیکشن 2024 کے پہلے مرحلے کے تحت ہونے والی ووٹنگ پرامن طریقہ سے مکمل ہوئی۔ دیوبند اسمبلی حلقہ کے ساڑھے تین لاکھ ووٹرس میں سے تقریباً 65 فیصد ووٹرس نے ملک میں اپنی پسند کی حکومت تشکیل دینے کے لئے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ پہلے مرحلہ کے تحت ہونے والی ووٹنگ کی خاص بات یہ رہی کہ مردوں کے مقابلے خواتین نے حق رائے دہی کے استعمال کے لئے زیادہ جوش وخروش نظر آیا۔ دیوبند اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں صبح 7 بجے ووٹنگ شروع ہونے کے ساتھ ہی انتظامیہ کی جانب سے بنائے گئے 176پولنگ اسٹیشنوں کے 365 پولنگ بوتھوں پر اپنا ووٹ ڈالنے کے لئے ووٹرس کی قطاریں لگنی شروع ہوگئی تھیں، لیکن جیسے جیسے دن چڑھتا گیا ویسے ویسے پولنگ بوتھوں پر ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد کم ہوتی چلی گئی۔ جس کی وجہ سے دیوبند اسمبلی حلقہ میں صبح 9 بجے تک 12.91فیصد، 11بجے تک 27.19 فیصد، دوپہر 1بجے تک 40.22 فیصد، 3 بجے تک 50.56 فیصد اور 5 بجے تک 61.4 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ اسی طرح شام 6 بجے تک ووٹ ڈالنے کا وقت ختم ہونے پر تقریباً 65 فیصد ووٹرس نے اپنی پسند کی حکومت تشکیل دینے کے لئے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ 
خاص بات یہ رہی کہ ووٹ دینے کے لئے مردوں کے مقابلے خواتین میں زیادہ جوش وخروش دیکھنے کو ملا۔ اس لئے ہر پولنگ بوتھ پر خواتین کی لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ 
جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر وقائد مولانا سید ارشد مدنی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے بعد اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی الیکشن 2024 نہایت پرسکون انداز میں ہورہا ہے جو ملک کے لئے اچھی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کی بھی ہو حکومت کا کوئی مذہب نہیں ہوتا بلکہ حکومت کا کام یہ ہوتا ہے کہ وہ ملک میں رہنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنے اپنے مذہب پر قائم رہتے ہوئے جینے کا حق دے۔ اسی طرح عوام کو چاہئے کہ جس پارٹی کی بھی حکومت مرکز میں برسراقتدار آئے اس کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے تاکہ باہمی تعاون کے ساتھ عوام آزادی کے ساتھ اپنی زندگی گزارسکیں اور ملک بھی خوش حالی کی طرف گامزن رہے۔ 
وہیں صبح 7 بجے سے ہی تمام سیکٹر مجسٹریٹ اور پولیس فورس پوری طرح مستعد رہی اور شام 6 بجے پولنگ ختم ہونے کے وقت تک کسی بھی پولنگ اسٹیشن سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔ افسران کا بھی یہی کہنا ہے کہ پورے ضلع میں پولنگ پرامن طریقہ سے اپنے اختتام کو پہنچی۔ ضلع مجسٹریٹ اور الیکشن آفیسر کا کہنا ہے کہ حفاظتی بندوبست سے متعلق تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس اور پیرا ملٹری فورس کے جوان بڑی تعداد میں تعینات رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس اور انتظامیہ کے افسران شہر اور دیہی علاقوں میں گشت کرکے مسلسل حالات کا جائزہ لیتے رہے۔ الیکشن افسران کے مطابق سہارنپور پارلیمانی سیٹ پر شام 6 بجے تک 68.97 فیصد پولنگ درج کی گئی۔ 
اس کے علاوہ 5 اسمبلی حلقوں دیوبند میں 65.42 فیصد، سہارنپور میں 70.86 فیصد، سہارنپور دیہات میں 60.92 فیصد، رام پور منہیاران میں 70.67 فیصد اور بہٹ میں 72.60 فیصدووٹ ڈالے گئے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر