Latest News

مولانا عبدالعلیم فاروقیؒ کی رحلت پوری امت کیلئے بڑا خسارہ، حضرت مرحوم کے انتقال پرمہتمم دارالعلوم دیوبند و سرکردہ علماء کرام کا اظہارِ تعزیت۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
ممتاز بزرگ عالم دین اورترجمان اہل سنت و دارالعلوم دیوبند اور ندوة العلماءلکھنو کے رکن شوریٰ مولانا عبدالعلیم فاروقی ؒکے انتقال کی خبر سے یہاں علمی حلقوں کی فضاءمغموم ہوگئی۔ ذمہ داران دارالعلوم دیوبند کے علاوہ دیگر سرکردہ علماءحضرات نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و الم کااظہارکرتے ہوئے مولانا عبدالعلیم فاروقی کے انتقال کو ملت اسلامیہ کے لئے بڑا نقصان قرار دیا۔

دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے مولانا عبدالعلیم فاروقیؒ کے انتقال پر گہرے افسوس کااظہار کیا اور اہل خانہ سے تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ مولانا موصوف کی رحلت پوری امت کیلئے بڑا خسارہ ہے۔مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ جانشین امام اہل سنت حضرت مولانا عبد العلیم فاروقی ؒ خانوادہ امام اہل سنت کے چشم وچراغ،مسلک اہل سنت کے بے باک ترجمان، عظمت صحابہ کرامؓ کے مناد ومحافظ اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے عظیم مجاہد تھے۔عظمت صحابہ کا دفاع اور تحفظ ختم نبوت کی ترجمانی ان کی خاص شناخت بن گئی تھی۔دارالعلوم دیوبند اور دارالعلوم ندوة العلماءسمیت متعدد مرکزی اداروں کے رکن شوریٰ اورجمعیة علماءہند کی ورکنگ کمیٹی کے اہم ارکان میں شامل تھے۔ان کے انتقال سے علماءاور ملت اسلامیہ کی صف میں عظیم خلا پیدا ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا کے درجات بلند فرمائے اور ان کی خدمات کو شرف قبولیت بخشے۔آمین۔

معروف عالم دین مولانا مفتی سید عفان منصورپوری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ ترجمان اہل سنت حضرت مولانا عبد العلیم فاروقی نور اللہ مرقدہ کا دور دور تک ان کا کوئی بدل اور ثانی دکھائی نہیں دیتا۔ حضرت مرحوم کی شخصیت علم و عمل ، درس و مطالعہ ، تواضع و خوش خلقی اور اہل حق کے معتبر اور بلند پایہ ترجمان کی حیثیت سے متعارف و مسلم تھی۔ مرحوم نے اپنے جد بزرگوار امام اہلِ سنت حضرت مولانا عبدالشکور فاروقی نور اللہ مرقدہ کی فکری وراثت کو جس خوش اسلوبی کے ساتھ سنبھالا اور دفاع صحابہ و اھل بیت اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین کے موضوع پر امت کی درست ذہن سازی کا جو فریضہ انجام دیا وہ تاریخ میں سنہرے حروف سے درج رہے گا۔مفتی عفان نے کہاکہ شان صحابہؓ پر تنقید و تنقیص کا نشتر چلانے والوں کی صفوں میں حضرت مرحوم کا نام ہی بھگدڑ مچانے اور زلزلہ پیدا کرنے کے لئے کافی ہوتا تھا۔آپ صاحب طرز خطیب، بالغ نظر عالم دین، بہترین مفسر، شارح حدیث اور درد مند دل رکھنے والی شخصیت کے مالک تھے۔اس حادثہ جانکاہ کے موقع پرہم حضرت مرحوم کے برادران ، صاحبزادگان اور جملہ اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں باری تعالی ان کی مغفرت تامہ فرمائیں، درجات بلند فرمائیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائیں اور تمام پسماندگان و متعلقین کو صبر جمیل نصیب فرمائیں۔

علاوہ ازیں دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مفتی شریف خان قاسمی،جامع مسجد کلاں سہارنپور کے منیجر مولانا فرید مظاہری،مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی ،آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے رکن مولانا ندیم الواجدی، جامعة الشیخ حسین احمد مدنی کے مہتمم مولانا مزمل علی قاسمی،جامعہ دعوة الحق معینیہ چررہو (رامپور منیہاران) کے ناظم اعلیٰ مولانا شمشیر قاسمی،جامعہ قاسمیہ دارالتعلیم وا لصنعہ دیوبند کے مہتمم مولانا محمد ابراہیم قاسمی وغیرہ نے مولانا کے انتقال پراظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مولانا مرحوم کو عظمت صحابہؓ کی حفاظت جیسے عظیم کام کیلئے منتخب کیا تھا۔ اس کے علاوہ مولاناکے ہزاروں شاگر د دنیا بھر میں دینی، ملی و علمی خدمات انجام دے رہے ہیں، یہ ان کیلئے صدقہ جاریہ اور سرمایہ آخرت ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر