Latest News

جامعہ امام محمد انور شاہ میں تعلیمی سال کاآغاز, علم نافع کے حصول کے لئے گناہوں سے اجتناب ضروری : مولانا احمد خضر شاہ مسعودی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
جدید داخلوں کی کارروائی مکمل ہونے کے ساتھ آج جامعہ امام محمد انور شاہ دیوبند میں تعلیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر دارالحدیث کے انور ہال میں رئیس الجامعہ مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی کی صدارت میں ایک عظیم الشان اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اس موقع پرا نہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے لئے سعادت کی بات ہے کہ امام العصر علامہ سید محمد انور شاہ کشمیریؒ کے نام سے منسوب اس ادارے میں داخلہ پانے میں کامیاب رہے اور اب تعلیم کے حصول میں کمربستہ ہیں۔ جن اساتذہ سے آپ اکتسابِ علم حاصل کریں گے وہ سب اپنے اپنے فن میں پختہ و تجربہ کار ہیں۔ جامعہ کے استاذِ حدیث مولانا صغیر احمد پرتاب گڑھی نے کہا کہ علم اس وقت تک آپ کے سینے میں نہیں آ سکتا، جب تک آپ اس کی راہ کی ہر رکاوٹ دور نہ کر دیں۔ حصولِ علم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ گناہوں کا ارتکاب ہے۔ جو طالبِ علم گناہ کرتا ہے علمِ دین اس کے قریب جانا ہی نہیں چاہتا۔ گناہوں سے صرف آنکھیں ہی خراب نہیں ہوتیں، دماغ اور دل بھی خراب ہوتے ہیں، بلکہ ان کی تباہ کاریاں پورے جسم پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ انسان کا حافظہ خراب ہو جاتا ہے۔نظامت کرتے ہوئے جامعہ کے استاذِ حدیث مولانا سید فضیل احمد ناصری نے کہا کہ علمِ دین ترکِ گناہ کے ساتھ مکمل یکسوئی کا مطالبہ کرتا ہے۔جامعہ کے استاذِ حدیث مولانا مفتی نثار خالد دیناجپوری نے کہا کہ طلبہ اخلاقی برائیوں سے دور ہونے کے ساتھ آدابِ علم کو بھی ذہن میں رکھیں۔ جامعہ کے صدر المدرسین مولانا وصی احمد قاسمی نے کہا یہ علم وحی کا علم ہے۔ اس کے حصول کے لیے ذہن و دماغ کی پاکیزگی نہایت ضروری ہے۔ قبل ازاں اجلاس کا آغاز محمد رافع امروہوی کی تلاوت اور حبیب القدوس بستوی نے نعتِ رسول سے ہوا۔ ترانہ جامعہ محمد لقمان نے پیش کیا۔ اس موقع پر مولانا ابو طلحہ اعظمی، مولانا محمد سعید پالن پوری، مولانا شبیر احمد قاسمی، مولانا نوید دیوبندی، مولانا محمد عثمان دیوبندی، مولانا بدر الاسلام قاسمی، مولانا عبید انور شاہ، مولانا حمدان شاہ مسعودی، مولانا ذکی انجم صدیقی، ماسٹر زعیم عابد اور مولانا ثاقب دیوبندی موجود رہے۔ مفتی نثار خالد کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر