Latest News

کیمپ میں ۱۱۶ عازمین کو لگائے گئے ٹیکے، مسلم فنڈ دیوبند کی جانب سے سہ روزہ حج تربیتی کیمپ کا آغاز۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
سالہائے گزشتہ کی طرح اس سال بھی حج 2024ء پر جانے والے عازمین کی ٹیکہ کاری کے لئے عیدگاہ روڈ پر واقع شیخ الہند ہال میں ٹیکہ کیمپ کا انعقاد کیاگیا، اس دوران سی ایم او آفس سہارنپور سے آئی میڈیکل ٹیم نے عازمین کو ویکسین دینے کے ساتھ صحت سے متعلق اہم ٹپس دیں۔ اس کے ساتھ ہی عازمین کے لئے مسلم فنڈ دیوبند کے زیراہتمام تین روزہ 30 ویں حج تربیتی کیمپ کا بھی آغاز ہوا۔
تفصیل کے مطابق جمعہ کے روز عیدگاہ روڈ پر واقع محمود ہال میں ضلع میڈیکل ٹیم نے عازمین کو حفاظتی ٹیکے لگائے۔ سی ایم او آفس سے ڈاکٹر پرینکا اور ڈاکٹر سدھانشو سنگھل کی قیادت میں 10 رکنی میڈیکل ٹیم نے عازمین کو پولیو خوراک دینے کے علاوہ انفلوئنزا اور مننجائٹس کے ٹیکے لگائے اور انہیں ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دیا۔میڈیکل ٹیم کے رکن اور ٹاٹا منیجر مہتاب عالم نے کہا کہ سفر حج سے قبل عازمین کو ٹیکہ لگوانا نہایت ضروری ہے تاکہ سفر کے دوران صحت سے متعلق کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کیمپ میں پہنچ کر شہراور دیہات کے عازمین کی بڑی تعداد نے ٹیکے لگوائے۔ دیوبندحج کاونٹر کنوینر فہیم صدیقی نے بتایا کہ کیمپ میں کُل 116 عازمین کو ٹیکے لگائے گئے ہیں، جس میں 64 مرد اور 52خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے تمام عازمین حج سے کہا کہ وہ ویکسی نیشن سرٹیفکٹ اور اپنے دیگر تمام دستاویزات سفر کے دوران اپنے ساتھ رکھیں کیونکہ حج کے دوران کسی بھی وقت آپ کی دستاویزات چیک کئے جاسکتے ہیں۔
دیوبند پہنچنے والی میڈیکل ٹیم میں ڈاکٹر پرینکا، ڈاکٹر سدھانشو سنگھل، ڈیٹا منیجر مہتاب عالم، فارماسسٹ نریش کمار اور متعدد لیڈیز ڈاکٹرس شامل تھے۔ مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی، عدیل صدیقی، فہیم صدیقی، فیضی صدیقی، مولانا دلشاد قاسمی ،ڈاکٹر شہزاد انجم، اسرار احمد، عبداللہ شاہ و دیگر کارکنان نے میڈیکل ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔
دوسری جانب آج مسلم فنڈ دیوبند کے زیراہتمام 30ویں حج تربیتی کیمپ کا افتتاح دارالعلوم دیوبند کے رکن شوریٰ مولانا سید انظر حسین میاں دیوبندی کی دعاءکے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر معروف شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی، ڈاکٹر اعظم، ڈاکٹر ذوالفقار نیز ڈاکٹر فاطمہ و دیگر خواتین سمیت علمائے کرام نے ماڈلوںکے ذریعے حج کی ادائیگی کی عملی مشق کرائی۔واضح ہوکہ یہ حج کیمپ اتوار کی شامل تک جاری رہے گا۔ ٹریننگ کیمپ میں شریک عازمین کے قیام و طعام کانظم منجانب مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کیا جارہاہے۔ اس موقع پرمسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی نے کہا کہ مسلم فنڈ ٹرسٹ گزشتہ 30 سالوں سے بڑے پےمانے پر علاقہ کے عازمین و حجاج کی خدمت کا کام انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے عازمین کو مبارکباد دی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر