Latest News

کُل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کے ناظم عمومی مولانا شوکت علی بستوی کی چھوٹی ہمشیرہ کا انتقال۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث اور کُل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند کے ناظم عمومی مولانا شوکت علی بستوی کی چھوٹی ہمشیرہ کا آج مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا، اناللہ و اناالیہ راجعون۔ ان کے انتقال کی خبر سے اہل خانہ عزیز واقارب اور متعلقین میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ ذمہ داران دارالعلوم دیوبند اور سرکردہ علماء کرام نے مولانا شوکت علی بستوی سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لئے دعاءمغفرت کی۔

مولانا شوکت علی بستوی نے بتایا کہ ان کی چھوٹی ہمشیرہ جن کی عمرتقریباً 47 سال تھی آج 11 مئی ہفتہ کی صبح تقریباً پانچ بجے مختصر علالت کے باعث اپنی رہائش گاہ سنت کبیر نگر میں انتقال فرما گئیں۔ مولانا نے بتایاکہ مرحومہ بہت نیک، دیندار، صوم و صلوٰة کی پابند اور غریب پرور خاتون تھیں، جن کی زندگی کا بڑا حصہ اصلاحِ خواتین اور بچوں کی تربیت میں گزرا ہے، مولانا نے بتایاکہ بظاہر کوئی ایسی بڑی بیماری نہیں تھیں، مگر وقت آگیا تھا اور باری تعالیٰ کو یہی منظور تھا، مرحومہ کے دو بچے ہیں۔ آج بعد نماز عصر سنت کبیر نگر میں نماز جنازہ کے بعد مرحومہ کی تدفین عمل میں آئی۔ مولانا شوکت بستوی کی چھوٹی ہمشیرہ کے انتقال پر دارالعلوم دیوبندکے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی، صدرالمدرسین مولاناسیدارشد مدنی، نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی، نائب مہتمم مفتی راشد اعظمی اور دیگر ذمہ داران و اساتذہِ دارالعلوم دیوبند اور سرکردہ علماء کرام نے تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے مرحومہ کے لئے دعاء مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعاء کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر