Latest News

نئی نسل کو دینی اور دنیاوی دونوں علوم سے آراستہ ہونے کی ضرورت: مولانا حذیفہ وستانوی، ہماری بیٹیوں کو صحابیات کی زندگیوں سے سبق لےکر صالح اور مثالی معاشرہ تشکیل دینا چاہئے: پروفیسر اخترالواسع، بہترین رزلٹ کے لئے تعلیمی زندگی کو ہمیشہ عبادت اور سادھنا سمجھیں :پدم شری بھارت بھوشن۔ معروف تعلیمی ادارہ نواز گرلز پبلک اسکول میں ممتاز کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کے اعزاز میں شاندار پروگرام کا انعقاد۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دیوبند کے معروف عصری تعلیمی ادارہ نواز گرلز پبلک اسکول میں گزشتہ شب سی بی ایس ای بورڈ امتحان میں امتیازی نمبرات کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کے اعزاز ایک عظیم الشان اعزازی تقریب کا انعقاد اسکول کیمپس میں کیاگیا، پروگرام کا آغاز ادارہ کے بانی ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کیا اور تمام طالبات ،ٹیچر اور والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس شاندار تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کااستقبال کیا۔ 
پروگرام میں مہمان خصوصی کے طورپر ملک کی ممتاز دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کنواں کے روح رواں و نوجوان عالم دین مولانا حذیفہ وستانوی، انٹر نیشنل یوگ آشرم کے بانی پدم شری بھارت بھوشن اور مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور کے سابق وائس چانسلر و معروف اسکالر پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے شرکت کی جبکہ مہمان ذی وقار کے طورپر دیوبند کے ایس ڈی ایم انکور ورما نے پروگرام میں شریک ہوکر طالبات کی حوصلہ افزائی کی اورتعلیم نسواں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے بچیوں کوملک کی تعمیر و ترقی کا اہم حصہ بننے کے لئے قیمتی نصیحتوں سے نوازا۔
پروگرام کا آغاز طالبات کی جانب سے استقبالیہ گیت پیش کرکے کیاگیا، بعد ازاں طالبات نے نہایت شاندار تقاریر، خوبصورت ڈرامے اور ثقافتی پروگرام پیش کرکے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا اور والدین کو بھی گھر میں اپنی بچے بچیوں کو تعلیمی، تہذیبی اور ادبی ماحول فراہم کرنے کاپیغام دیا۔
پروگرام میں مہمانوں کے ہاتھوں امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کونشانِ اعزاز ،میڈل اور تحائف دیگر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ انٹر میں 95 فیصد نمبرات کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کرنے والی طالبہ عائشہ ہاشمی کو اعزاز کے ساتھ گیارہ ہزار روپیہ کا نقد انعام دیاگیا ،اس کے علاوہ ہائی اسکول ٹاپر طالبہ اریبہ ناز اور سفینہ ناز کو 95 فیصد نمبرات حاصل کرنے پر انعامات وا عزاز کے ساتھ 21 ہزار روپیہ نقد بطور حوصلہ افزائی دیئے گئے۔اس کے علاوہ 90 فیصد سے زائد نمبرات حاصل کرنے والی تمام طالبات کو پانچ پانچ ہزار روپیہ سے زائد اسکالر شب بطور اعزاز دی گئی۔
اس موقع پر نوجوان عالم دین مولانا محمد حذیفہ وستانوی نے طالبات کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نئی نسلوں کو دینی اور دنیاوی دونوں علوم سے آراستہ ہونے کی ضرورت ہے ،ہمیں اپنے تہذیبی دائروں میں رہ کر زمانے کے جدید تقاضوں کو فتح کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا نے مادی ترقی تو بہت کرلی ہے لیکن تہذیبی اور اخلاقی اعتبار سے یہ دنیا کھوکھلی ہے، آپ کو بہترین بیٹی اور ماں بن کر اپنی اولادوں کو دین اور دنیا کی تعلیم و تربیت سے آراستہ کرکے بہترین انسان اور بہترین ہندوستانی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کو مطالعہ کے ذوق کو زندہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے اسکول کے شاندار اور معیاری رزلٹ اور امتیازی نمبرات سے کامیاب طالبات کو ان کے والدین اور تمام اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور تعلیمی میدان میں ڈاکٹر نواز دیوبندی کی کاوشوں کی ستائش کی۔
معروف اسکالر پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے کہا کہ ڈاکٹر نواز دیوبندی نے لڑکیوں کے تعلیم کے لئے جو مشن شروع کیا ہے وہ مخلصانہ بھی ہے اور مدبرانہ بھی ۔ انہوں نے وقت اور حالات کی نبض پر انگلیاں رکھ کر علاج شروع کیا ہے ان کا یہ مشن قابل تعریف بھی ہے اور قابل تقلید بھی، ان کا یہ کام شاعر برادری میں انہیں منفرد اور ممتازبناتاہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات نے جو کلچرل پروگرام پیش کئے ان میں زبان و بیان 'ادب و آداب اور تہذیب و اخلاق کے شاندار نمونے تھے ایسے پروگرام کم دیکھنے کو ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیوں کو صحابیات کی کی زندگیوں سے سبق لےکر ایک صالح اور مثالی معاشرہ تشکیل دینا چاہئے۔
یوگ گرو پدم شری بھارت بھوشن نے کلچرل پروگرام اور طالبات کے شاندار رزلٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیج ہو یا زندگی انسان کو اچھا اور سچا کردار ہی پیش کرنا چائیے اور بہترین رزلٹ کے ساتھ ہی زندگی گذارنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی زندگی کو ہمیشہ عبادت اور سادھنا سمجھو ہمیشہ اچھا رزلٹ آئے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام طالبات نے خوبصورت اور سبق آموز پروگرام پیش کرکے اپنے اساتذہ اور اسکول کے اچھا ہونے کا ثبوت پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ صحت مند رہنے کے لئے طالب علموں اور عام انسانوں کو یوگ ضرور کرنا چاہئے۔ اسکول کے بانی ڈاکٹر نواز دیوبندی نے مولانا محمد حذیفہ وستانوی پروفیسر اخترالواسع پدم شری بھارت بھوشن اور انکر ورما ایس ڈی ایم دیوبند کا بوکے شال اور سپاس نام پیش کر کے استقبال کیا اور تمام کامیاب طالبات انکے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ علم کوصرف نوکری کے لئے نہیں بلکہ علم کو علم کی نیت سے حاصل کرنا چائیے تو زندگی میں علم کی زیادہ برکتیں حاصل ہوں گی نوکری تو بہت چھوٹی بات ہے۔
پروگرام میں شہر کے معزز اور سرکردہ خواتین و حضرات نے آخیر تک شرکت فرمائی اور طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔ اس دوران کامیاب طالبات کے ٹیچرس کو بھی اعزاز سے نواز گیا۔ اسکول پرنسپل فوزیہ عبداللہ نے پروگرام میں شامل تمام مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ اداکیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر