دیوبند: سمیر چودھری۔
دیوبند میں ایک ہی دن میں دو الگ الگ حادثوں میں بجلی کے کرنٹ کی زد میں آکر دو جواں سال مدرسہ کے طالبعلموں کی موت ہوگئی، ان اندوہناک حادثوں سے تاہنوز مدارس کی فضاء مغموم ہے ،متوفی طلبہ کے اہل خانہ کے علاوہ طلبہ اور اہل مدارس میں شدید رنج وغم کاماحول ہے۔اطلاع کے مطابق گزشتہ روزداپنے دوستوں سے ملنے دیوبندآئے جامع مسجد امروہہ میں زیر تعلیم کرناٹک کے باشندہ طالبعلم محمد سعد (24) کی بارش کے دوران معراج العلوم (رحل والامدرسہ) کے متصل ایک بند دکان کے شٹر میں آرہے کرنٹ کی زد میں آکر موت ہوگئی تھی، اس حادثہ کے کچھ ہی دیر بعد(شام کے وقت) دارالعلوم وقف دیوبند کے ہفتم کے طالبعلم حبیب البشر (19) کی کولر میں آئے تیز کرنٹ کی زد میں آکر موت ہوگئی، دو الگ الگ شدید حادثوں سے مدارس کی فضاء مغموم ہوگئی۔ ایک ہی دن میں کرنٹ لگنے سے دو طلبہ کی موت سے یہاں مدارس کے طلبہ اور اساتذہ میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
متوفی طالب علم محمد سعد کی لاش کو ضروری کارروائی کے بعد کرناٹک روانہ کر دیا گیا جبکہ دوسرے طالب علم حبیب البشر کو دیر رات ضلع میرٹھ میں واقع اس کے آبائی گاوں مید پور میں انتہائی غمگین ماحول میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اطلاع کے مطابق طالب علم حبیب البشر میرٹھ کے گاو ¿ں مید پور کا رہنے والا تھا اور دارالعلوم وقف دیوبند میں ہفتم عربی کا طالب علم تھا۔ بتایا گیا ہے کہ وہ دارالعلوم وقف کے قریب واقع ایک مدرسہ میں اپنے بھائی مفتی فرمان قاسمی اور بہنوئی مفتی غفران کے ساتھ رہتا تھا جہاں بارش کے دوران کولر میں آئے اچانک کرنٹ کی زد میں آکر وہ بری طرح جھلس گیا۔ دیگر طلبہ آناً فاناً اسے لیکر ایک پرائیویٹ اسپتال گئے لیکن ڈاکٹروں نے طالبعلم کو مردہ قرار دے دیا۔دیر رات طالب علم کی لاش کو اس کے آبائی گاوں لے جایا گیا جہاں غمگین ماحول میں اس کی تدفین عمل میں آئی۔
نماز جنازہ میں دیوبندسے کثیر تعداد میں طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔ دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی، نائب مہتمم مولانا محمد شکیب قاسمی، جامع مسجد امروہہ کے شیخ الحدیث مفتی سید محمد عفان منصورپوری اور مفتی احسان قاسمی سمیت دیگر علماء نے ان دونوں حادثوں پر انتہائی رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت مسنونہ پیش کی۔
0 Comments