دیوبند: سمیر چودھری۔
رکن پارلیمنٹ عمران مسعود کے بھائی اور گنگوہ کے سابق چیئرمین نعمان مسعودکے ایک بیان پر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے، نعمان مسعود کی وائرل ویڈیو پر علماء نے شدید رد عمل کاا ظہارکرتے ہوئے قاضی نعمان مسعود کے بیان کو مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا بتایا۔ نعمان مسعود کسی تقریب میں خطاب کررہے ہیں جس میں عقیدہ کے حوالہ سے غلط بیانی کرتے نظر آرہے ہیں۔ نوجوان فاضل مفتی اسامہ ادریس ندوی ایڈوکیٹ نے نعمان مسعود کی وائرل ویڈیو پر اپناردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اسلامی شعائر اور مقدسات کا احترام ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، لیکن حال ہی میں گنگوہ کے ایک معروف گھرانے سے تعلق رکھنے والے قاضی نعمان مسعود کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس نے مسلمانوں کے جذبات کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ اس ویڈیو میں قاضی نعمان مسعود نہ صرف اسلامی شعائر کا مذاق اڑا رہے ہیں بلکہ حجر اسود کو شیو لنگ سے تشبیہ دے کر توہین کر رہے ہیں۔یہ حرکت نہ صرف اسلامی عقائد کے خلاف ہے بلکہ مسلمانوں کے دینی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔ نعمان مسعود کے اس ویڈیو نے ہر جانب غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے اور اس کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ نعمان مسعود کے خلاف فوری طور پر پولیس میں شکایت درج کرائی جانی چاہئے۔ یہ ایک قابلِ گرفت جرم ہے اور قانون کے مطابق اس پر کارروائی ہونی چاہئے۔انہوںنے کہاکہ مقامی علماءکرام کو اس معاملے میں فوری مداخلت کرنی چاہئے اورانہیں غلطی کا احساس دلایا جائے تاکہ وہ اس حرکت پر ندامت و توبہ کرنے پر آمادہ ہوں۔ اس کے بغیر اس بات کا خطرہ ہے کہ اس قسم کی بے راہ روی دیگر لوگوں میں بھی پھیل سکتی ہے۔ایڈوکیٹ ندوی نے کہاکہ لوگوں کو بتایا جائے کہ ایسی حرکتیں نہ صرف گناہِ کبیرہ ہیں بلکہ معاشرتی انتشار کا باعث بھی بنتی ہیں۔ نعمان مسعود کا یہ فعل انتہائی افسوسناک ہے اور اس پر فوری کارروائی کی ضرورت ہے تاکہ اسلامی شعائر اور مقدسات کی حرمت کو برقرار رکھا جا سکے۔ علماءکرام اور مسلم برادری کو متحد ہو کر اس کے خلاف کھڑے ہونا چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ آئندہ اس قسم کی بے راہ روی کی گنجائش نہ رہے۔
وہیں نوجوان فاضل و قلمکار مفتی فتح محمد ندوی کھجناوری نے کہاکہ نعمان مسعود نے حجرے اسود کا شیو لنگ سے موازنہ کرکے بہ شمول حجر اسود کے اسلامی شعائر کے تقدس کو جس طرح پامال کیاہے اس سے پوری امت کے جذبات کو سخت تکلیف پہنچی ہے۔بڑے افسوس کی بات ہے کہ ہر دن ہمارے مسلم سیاست داں اقتدار کی ہوس میں جہالت اور بے دینی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ بلکہ دین و شریعت میں اعلانیہ مداخلت کررہے ہیں ۔مفتی فتح محمد نے کہاکہ دراصل اس پورے ڈرامہ کے پیچھے آریس ایس کھڑی ہے، آر ایس ایس ہی اس پوری اسکرپٹ کو تیار کرکے اسٹیج کے حوالے کر تی ہے۔دراصل زعفرانی پرچارک مختلف محاذوں پر مختلف وسائل اور طریقوں سے ہندو تہذیب اور کلچر کے لئے کام کررہے ہیں،جس میں ہمارے لوگوں کا استعمال کیا جارہاہے، تمام مسلم سیاسی نمائندوں سے ہماری درخواست ہے کہ پہلے اپنے عقیدہ اور ایمان کا تحفظ کریں۔ ورنہ یاد رکھیے عزت کے حصول کو ترس جائیں گے۔ سماجی کارکن مولانا عبدالرحمن عابد اور نوجوان عالم دین مولانا محمد موسیٰ قاسمی نے بھی نعمان مسعود کے بیان پر شدید رد عمل کا اظہارکیا۔
0 Comments