دیوبند: سمیر چودھری۔
علاقہ کے معروف عالم دین مفتی عارف مظاہری نے کہاکہ ایمان و عقائد کا تحفظ ہم سب کا دینی فریضہ ہے ،ختم نبوت کے لئے زندگی کے آخری سانس تک جد و جہد ہمارا نصب العین ہونا چاہئے۔
آج جمعیۃ علماءتحصیل رامپور منیہاران کے زیر اہتمام تحفظ ختم نبوت کے عنوان پر ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں علاقہ کے آئمہ مساجد وتبلیغ جماعت سے وابستہ سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماءتحصیل رامپور منیہاران کے صدر مفتی محمد عارف مظاہری نے کہا کہ اس پر فتن دور میں اپنے ایمان و عقائد کا تحفظ بڑا چیلنج ہے، ہر روز نئے فتنوں کا وجود میں آنا یقینا لمحہ فکریہ ہے، ان فتنوں کے سدباب کے لئے کوشش کرنا امت کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ مفتی عارف مظاہری نے کہا کہ کچھ فتنہ پرور لوگ اسلامی وضع قطع میں سادہ لوح مسلمانوں کو ورغلا کر ان کا ایمان سلب کرنے کی ناپاک کوشس کررہے ہیں ہمیں ان کی سازشوں کو ناکام بناناہے اور اپنی نوجوان نسل کو ہر طرح کے فتنوں سے بچانا ہے۔
میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے علاقہ کے معروف عالم دین و جمعیة علماءہند کی مجلس منتظمہ کے رکن مولانا شمشیر قاسمی نے کہا کہ فرق باطلہ خواہ کسی بھی شکل میں ہو متحد ہوکر ان کی سازشوں کو ناکام بناناہے، ان کے دام فریب میں آنے والا طبقہ یا تو بے روز گار ہے یا دینی تعلیم سے دور ہے، ہمیں ہر محاذ پر لائحہ عمل طے کرکے زمینی سطح پر ان فتنوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات سے دوری کی بنا پر کچھ لوگ فتنوں کا شکار ہورہے ہیں،خاص طور پر شکیل بن حنیف کا فتنہ علاقہ میں سرگرم ہورہا ہے ہم سب کی ذمہ داری ہے عوام الناس کو اس سے با خبر کریں، دارالعلوم دیوبند کی ہدایات کے مطابق عقائد کی درستگی کے لئے عملی محنت شروع کی جائے ۔اس موقع پر میٹنگ میں موجودتمام علماءکرام اور علاقہ کے سرکردہ افراد نے تحفظ عقائد کے سلسلہ میںمنظم طریقہ سے کام کرنے کے عزم کاا ظہار کیا۔ خصوصی شرکاء میں مولانا افتخار، مولانا حسین مظاہری، حافظ اشرف، حافظ مقدس، مولانا عبد الرحمن، راشد فیضان ،گل صنور، حاجی رفیق، حاجی خالد ،حاجی نواب، جاوید افضال مقدس وغیرہ موجود رہے۔
0 Comments