دیوبند: سمیر چودھری۔
ہماچل کے شملہ میں ہوئے سڑک حادثہ میں دیوبند کے ایک نوجوان کی دردناک موت ہوگئی۔ شہر محلہ فولاد پور ہ شاہ جلال کے باشندہ سلیم کا نوجوان بیٹا ہماچل پردیش کے پہاڑی علاقہ شملہ کے تحت رام پور بوشہر کے نوگلی میں کپڑے کی تجارت کرتا تھا۔ جمعرات کی شام تقریباً 4 بجے چاند بذریعہ بائک کام سے فارغ ہوکر اپنے کمرے پر جارہا تھا کہ اچانک سامنے سے آنے والی روڑ ویز کی بس سے اس کی بائک کی زبردست ٹکر ہوگئی جس کے نتیجہ میں بائک سوار چاند کی دردناک موت ہوگئی۔ جیسے ہی چاند کی موت کی اطلاع دیوبند پہنچی ان کے گھر اور علاقہ میں ماتم چھاگیا، نوجوان کی اچانک حادثاتی موت ہوجانے سے شہر میں بھی غم کی لہر ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چاند کافی عرصہ سے شملہ میں کپڑے کی تجارت کرتا تھا، درمیان میں دیوبند بھی آتا رہتا تھا۔ ابھی کچھ دن قبل وہ دیوبند آیا ہوا تھا ، چاند کی حادثاتی موت کی خبر سن کر محلہ شاہ جلال میں واقع رہائش گاہ پر لوگو کا ہجوم جمع ہے۔ لوگ غمزدہ خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے انہیں دلاسا دے رہے ہیں اور صبر کی تلقین کررہے ہیں۔ اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ شملہ کے لئے روانہ ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی دیر شام تک پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو دیوبند میں لایا گیا۔ بعد ازاں دیوبند میں ہی تدفین عمل میں آئی۔ ماں باپ کے علاوہ چاند کے 7 بھائی بہن ہیں۔ چاندشادی شدہ نوجوان تھا، پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک 3 سالہ معصوم بچی ہے۔ اس افسوسناک حادثہ پر دیوبند کی سماجی اور سیاسی شخصیات نے اپنے شدید رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔
0 Comments