دیوبند: سمیر چودھری۔
مشہور و معروف دینی تعلیمی ادارہ دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر میں رابطہ مدارس اسلامیہ شمالی ہریانہ و ہماچل کے صدر مولانا علی حسن مظاہری کی صدارت میں مجلس تعلیمی کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس کی کارروائی رابطہ مدارس شمالی ہریانہ و ہماچل کے جنرل سکریٹری مولانا عبداللہ خالد قاسمی خیرآبادی نے چلائی، مجلس کاآغاز مولانا قاری محمد الیاس پاونٹی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
طے شدہ ایجنڈہ کہ مطابق رابطہ کے اجتماعی امتحان بابت۶۴۴۱ھ کے تعلق سے پورا نظام طے کیا گیا اوریکم، 2 3 فروری 2024ءکی تاریخیں اس کے لئے متعین کی گئیں، اس مرتبہ دونوں صوبوں میں اجتماعی امتحان کے لئے کل دس سینٹر مقرر کئے گئے ،جن میں دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر، مدرسہ فیض العلوم بوڑیہ ،جامع مسجد خضرآباد، مدرسہ قادریہ جیت پور، مدرسہ انوارالعلوم چانچک،مدرسہ زینت العلوم نرائن گڑھ، مدرسہ قادریہ ناشر العلوم گڑھی جلالپور، دارالعلوم رشیدیہ پلہوڑی ،مدرسہ حسینیہ مسواڑی چمبہ اور ادارہ اسلامیات سبحانیہ نالا گڑھ شامل ہیں۔مجلس تعلیمی کے ارکان نے اتفاق رائے سے یہ بھی طے کیا کہ اس مرتبہ ہر سینٹر پر اول دوم سوم پوزیشن کا انتخاب کرکے وہیں پر طلبہ کو انعام اور سند توثیق دی جائے گی پھر ان دس سینٹروں کے پوزیشن پانے والے طلبہ کے لئے ایک فائنل مسابقہ منعقد کرکے بذریعہ امتحان ان سب میں سے اوّل دوم و سوم پوزیشن منتخب کرکے اجلاس عام میں ان کو انعامات اور سرٹیفکٹ سے سرفراز کیا جائے گا ،جس سے رابطہ مدارس کے اجتماعی امتحان کی اہمیت اور اس میں وسعت پیدا ہوگی۔سینٹروں کے لئے نگراں امتحان اور ممتحن حضرات کی تعین کے سلسلہ میں مجلس نے متفقہ طورپر طے پایا کہ صدر محترم مولانا علی حسن مظاہری اپنی صوابدید پر متعین فرمائیں گے۔
مجلس میں صدر کل ہند رابطہ مدارس دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کی رہنما ہدایات جو صدر رابطہ شمالی ہریانہ و ہماچل کے نام موصول ہوئی تھیں ان کو ناظم مجلس مولانا عبداللہ خالد نے پڑھ کر سنایا اورسبھی حضرات کو اس کے مشمولات پر اہمیت کے ساتھ عمل کی جانب متوجہ کیا۔مربوط مدارس کے سروے کے تعلق سے مجلس عاملہ نے طے کیا تھا کہ باقاعدہ تین آدمیوں کا وفد اس سلسلہ میں سفر کرے ،اس کے لئے مجلس عاملہ نے ایک فارم بھی مرتب کرکے جاری کیا تھا، اس بابت طے ہوا کہ اس کام کو بہتر انداز میں جلد ہی انجام دیا جائے تاکہ مربوط مدارس کی صحیح صورت حال سے مرکزی دفتر رابطہ مدارس دارالعلوم دیوبند کو مطلع کیا جائے۔ اس کے علاوہ اجتماعی امتحان کے سلسلہ میں سینٹروں پرہونے والے مصارف کی بابت طے ہوا کہ ہر شریک مدرسہ اپنے یہاں سے شرکت کرنے والے طلبہ کی تعداد کے اعتبار سے مبلغ ایک سو پچاس روپئے فی کس بطور فیس جمع کرے، اس سے مصارف کا بوجھ سینٹر کے ذمہ کچھ ہلکا ہوجائے گا ۔خصوصی شرکاءمیں حافظ مطلوب حسن، مولانا محمد الیاس پاونٹی، مولانا محمد عارف بوڑیہ، مولانا سید احمد عادل، منشی مہدی حسن، مولانا محمد عالم پلہوڑی، حافظ محمد یامین، حافظ محمد احمد رشید وغیرہ کے نام شامل ہیں۔
0 Comments