Latest News

بحرالعلوم حضرت مولانا نعمت اللہ اعظمی کی اہلیہ کا انتقال، سرکردہ علماء کا اظہار تعزیت۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عالم اسلام کی ممتاز دینی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند کے سینئر استاذ تخصیص فی الحدیث، بُزرگ اور بحر العلوم کے نام سے معروف حضرت مولانا نعمت اللہ اعظمی کی اہلیہ محترمہ کابدھ کے روز دوپہر کے وقت اپنی رہائش گاہ افریقی منزل دارالعلوم دیوبند میں انتقال ہوگیا ہے۔ مرحومہ کی عمر تقریبا 80 سال تھی، مرحومہ نمونیا کا شکار تھیں اور پھیپھڑے میں بھی کچھ شکایت تھی۔ اللہ مغفرت فرمائے اور اعزہ واقارب کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مرحومہ صوم وصلوہ کی پابند اور گھریلو زندگی بسر کرنے والی خاتون تھیں، جنہوں اپنے اولاد کی تربیت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اصلاح خواتین کے لئے نہایت اہم کام کئے ہیں۔ ان کی رحلت سے پورے خاندان میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے۔ مرحومہ کے انتقال پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی، صدر المدرسین مولانا سید ارشدمدنی، نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی،نائب مہتمم مفتی راشد اعظمی، مولانا سلمان بجنوری نقشبندی، مفتی سلمان منصور پوری سمیت دارالعلوم دیوبند کے جملہ اساتذہ و طلبہ نے مرحومہ کے انتقال پر گہرے افسوس کااظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت مسنونہ پیش کی اور دارالقرآن و دیگر مقامات پر قرآن خوانی کرکے ایصال ثواب کا اہتمام کیاگیا۔ مفتی محمد انوار خان القاسمی نے بتایا کہ مرحومہ نے اپنے پیچھے 3 بیٹے چھوڑے ہیں، جن میں بڑے صاحبزادے اسجد قاسمی ہیں اور دوسرے ارشد ہیں اور دونوں ہی بحمد اللہ فاضل دار العلوم ہیں۔ تیسرے بیٹے ڈاکٹر اسد علیگ ہیں جو اس وقت مظفر نگر کے مشہور ہسپتال میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء احاطہ مولسری دارالعلوم دیوبند میں ادا کی گئی، بعد ازیں مزار عابدی میں تدفین عمل میں آئی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر