Latest News

یہ سنودھان نہیں، من ودھان سے ملک چلانا چاہتے ہیں، سی ایم یوگی کی زبان غیر مہذب اور غیر آئینی، سنبھل کی جانچ ہوئی تو سرکارکٹہرے میں ہوگی اور افسران مجرم پائے جائینگے، بی جے پی حکومت کھدائی کے نام پر بھائی چارہ کو تباہ کر رہی ہے، سہارنپور شادی کی تقریب میں پہنچے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو بولے، بی جے پی کے لوگ آئین کو نہیں مانتے۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
سماجوادی پارٹی کے چیف اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بی جے پی پر نفرت پھیلاکر سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ یہ لوگ سنودھان نہیں بلکہ من ودھان سے ملک چلانا چاہتے ہیں، یہ لوک تنترنہیں بلکہ ایک تتنر چاہتے،یہ سرکار بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کی قربانیوں سے واقف نہیں ہے اور نہ انکی نظر میںان کی عزت و احترام ہے۔ انہوں نے یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی زبان کو غیر مہذب اور غیر آئینی بتاتے ہوئے کہاکہ یہ لوگ کسی کا سماّن (عزت) کرنا نہیں جانتے ہیں۔ 

ایس پی سربراہ اکھلیش یادو بدھ کے روز سہارنپور میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی اور اتر پردیش میں مساجد میں سروے اور کھدائی کے سوال پر کہا کہ کھودنے سے بھائی چارہ ختم ہو رہا ہے،اسی لئے بی جے پی حکومت جان بوجھ کر ایسا کر رہی ہے۔انہوں نے سنبھل کے سوال پر بی جے پی حکومت کو گھیرا اور سنبھل واقعہ کو لیکر کہاکہ اگر کبھی صحیح جانچ ہوگی تو سرکار کٹہرے میں ہوگی اور افسران مجرم پائے جائینگے،جن کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو ¿ امبیڈکر ملک کے مظلوموں، دلتوں، پسماندہ اور غریبوں کے مسیحا ہیں، جن کی کروڑوں لوگ پوجا کرتے ہیں۔ انہوں نے آئین کے ذریعے ہر ایک شہری کو عزت اور حقوق کے ساتھ جینے کا حق دیا ہے۔ لیکن بی جے پی حکومت آئین کو نہیں مانتی۔ یہی وجہ ہے کہ یہ آئینی طور پر چلنے والی لوک سبھا اور قانون ساز اسمبلیوں میں سوالات کا جواب نہیں دے رہی ہے۔ یہ آئین بدلنے کی کوشش کرنے والے اور جمہوریت پر حملہ کرنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اقتدار میں آنے سے پہلے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے، ہر سال دو کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے اور مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن حکومت بنانے کے بعد بی جے پی کسی بھی معاملے میں عوام کی امیدوں پر پورا نہیں اتری ہے۔ انہوں نے یوگی حکومت پر حملہ آور ہوتے ہوئے کہاکہ ریاست میں اتنی لوٹ مار کبھی نہیں ہوئی جتنی آج بی جے پی کے دور میں ہورہی ہے، وزیر اعلیٰ اسمبلی میں غیر مہذیب اور غیر آئینی زبان کا استعمال کررہے ہیں کیونکہ ان کے پاس بنیادی سوالوں کا جواب نہیں ہے ،یہ مذہب کے نام پر نفرت پھیلاکر سیاست کرتے ہیں،یوپی میں صحت اور تعلیم کا نظام بے حد کمزور ہے، یہ وہی سرکار ہے جو اسپتالوں کے ساتھ ساتھ پرائمری اسکول بھی بند کرنے جارہی ہے۔ون نیشن ون الیکشن کے سوال پر اکھلیش یادو نے کہاکہ یہ جمہوریت کو کمزور کرنے اور علاقائی پارٹیوں کوختم کرنے کوشش ہے۔ انہوںنے یوگی کے بیان پر کہاکہ اپنے ملک میںجو عزت و احترام ہوسکتاہے ،وہ کہیں اور نہیں مل سکتاہے، اسلئے سی ایم یوگی کو یہ بھی بتانا چاہئے کہ جو بچے یہاں سے اسرائیل بھیجے گئے ان سے وہاں کیا کام لیا جارہاہے؟۔ دہلی میں عام آدمی کی پارٹی کے سوال پر اکھلیش یادو نے کہاکہ ہماری ان سب سے نزدیکیاں ہیںجو بی جے پی کو ہرانے میں
لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سہارنپور کے عوام کو لوک سبھا انتخابات میں انڈیا اتحاد کے امیدوار کو جتانے پر مبارکباد دی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر