Latest News

مفتی عبدالرحمن قاسمی جمعیۃ علماء اترپردیش کے عبوری صدر منتخب، آن لائن میٹنگ میں اتفاق رائے سے فیصلہ، مولانا عبدالرب اعظمیؒ کو پیش کیا گیا خراج عقیدت۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر مولانا عبدالرب اعظمیؒ کے انتقال پرایک تعزیتی نشست کااہتمام کرکے مرحوم کی خدمات کی ستائش کی گئی اور ان کے لئے دعاءایصال ثواب کااہتمام کیاگیا۔ اس دوران اتفاق رائے سے جمعیۃ علماء اترپردیش کے عبوری صدر کے طور پرمفتی عبدالرحمن قاسمی نوگانوی (امروہہ) کا انتخاب عمل میں آیا۔

مدنی منزل سے آن لائن منعقد میٹنگ کی صدارت صوبہ کے نائب صدر مفتی عبدالرحمن نے کی جبکہ نظامت کے فرائض کے جمعیۃ اترپردیش کے جنرل سکریٹری مولانا سید محمد مدنی نے انجام دیئے۔ میٹنگ کا آغاز قاری ذاکر کی تلاوت اور مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی نعت پاک سے ہوا۔ اس دوران جمعیۃ علماء اترپردیش کے سکریٹری مولانا کلیم اللہ قاسمی نے سکریٹری رپورٹ پیش کی اور مولانا محمد اسعد مدنی نے جمعیت علماءاتر پردیش کے صدر مولانا عبدالرب اعظمی رحمہ اللہ کے اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے آپ کی خدمات کا تذکرہ کیا۔

اس موقع پر جمعیت علماءاترپردیش کے عبوری صدر کے طور پر اتفاق رائے سے مفتی عبدالرحمن قاسمی نوگانوی کا انتخاب عمل میں آیا۔ میٹنگ میں نامور عالم دین مفتی سید عفان منصور پوری، مفتی بنیامین قاری ذاکر ،مولانا محمد عاقل قاسمی، سید ذہین احمد، مولانامحمد سلمان، حافظ عبید اللہ، مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی، حافظ عبدالحی سید محمد حسین، سید محمد حاطب وغیرہ موجود رہے۔مفتی عفان منصور پوری کی دعا پر میٹنگ کا اختتام ہوا۔

اس دوران جمعیۃ علماء اترپردیش کے سکریٹری سید ذہین احمد نے مفتی عبدالرحمن قاسمی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ موصوف ایک طویل عرصہ سے جمعیت علمائے ہند اور خانوادہ مدنی سے وابستہ ہیں، علاقہ میں جمعیۃ کے پلیٹ فارم سے آپ نے اہم امور انجام دیئے ہیں، آپ کو شروع میں نوگانواں کا صدر منتخب کیا گیا، بعدمیں ضلع امروہہ کا اورپھر یو پی کے نائب صدر بنائے گئے۔ اب پورے صوبہ اتر پردیش کا آپکو صدر منتخب کیا گیا ہے، بلا شبہ آپکا یہ اِنتخاب ہر عام و خاص کے لئے خوشی کی بات ہے۔ انصار العلوم کے تمام اساتذہ اور جمعیۃ علماءہند کے ذمہ داران و عہدیداران نے بھی نومنتخب صدر کو مبارکباد پیش کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر