دیوبند: سمیر چودھری۔
جمعیت علماءاتر پردیش کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس آج یہاں مولانا مدنی روڈ پر واقع پبلک گرلز انٹر کالج میں منعقد ہوا، جس میں صوبے کے 30 اراکین مجلس عاملہ و مدعوئین خصوصی نے شرکت کی۔ اس موقع پر ممبر سازی اور انتخابی امور سمیت متعدد اہم مسائل پر غور و خوض کرکے کئی فیصلے لیے گئے اور جدید ممبر سازی پر خاص زور دیا گیا، ساتھ ہی انتخابی عمل کی نگرانی اور تکمیل کے لیے ایک 9 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ اجلاس کی صدارت جمعیت علماءاتر پردیش کے صدر مولانا مفتی عبدالرحمن امروہوی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا سید محمد مدنی نے انجام دیئے۔
اس موقع پر مولانا عبدالرحمن امروہوی نے اپنے صدارتی خطاب میں جمعیت کی روشن تاریخ اور ممبر سازی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے ہند گزشتہ ایک صدی سے بلا تفریق مذہب و ملت مظلوم اور ضرورت مندوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے، جمعیت علماءہند کی قربانیوں اور کاوشوں کو کبھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، جمعیت علما ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی سرپرستی میں جمعیت کارکنان اتر پردیش سمیت پورے ملک میں بے مثال خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے جدید ممبر سازی پر خاص زور دیا اور تمام کارکنان سے اس عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور جمعیت کے کاموں کو عوام تک پہنچانے کی اپیل کی۔ مغربی زون کے صدر مولانا محمد عاقل قاسمی مہتمم و شیخ الحدیث جامعہ بدر العلوم گڑھی دولت و رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند نے اپنے خصوصی خطاب میں تمام اراکین مجلس عاملہ سے کو اہم مشورے دیئے اور جمعیت کے کاموں کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ ممبر سازی کے عمل میں پوری محنت و لگن کے ساتھ کام کرنے پر زور دیا۔ اس دوران سابقہ کاروائی کی خواندگی اور توثیق عمل میں آئی، ساتھ ہی لکھنو میں واقع جمعیت کے صوبائی دفتر سے متصل زمین کی خریداری کے سلسلے میں بقایہ رقم کی ادائیگی پر غور کیا گیا، صوبائی دفتر کی تعمیر جدید کے سلسلے میں بھی تجویز پر غور کر کے متفقہ فیصلہ لیا گیا، ساتھ ہی ممبر سازی اور انتخابی امور کی نگرانی کے لیے ریاستی انتخابی کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں تینوں زون مغربی، وسطی اور مشرقی زون سے تین تین اراکین کو شامل کیا گیا۔ جس میں قاری ذاکر مظفر نگر، مفتی قاسم فیروز آباد، مولانا بن یامین مظفر نگر، مولانا امین الحق اسامہ قاسمی کانپور، مولانا عبدالمعید، مفتی ظفر فرخ آباد، مولانا احمد شکیل، حافظ عبدالحئی مئو اور مفتی جمیل الرحمن پرتاپگڑھی کے نام شامل ہیں۔ میٹنگ میں مرکز کی جانب سے بطور نگراں مولانا قاری شوکت ویٹ اور مولانا کلیم اللہ امبیڈکر نگر شامل ہوئے۔ جمعیت علمائے ہند کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا محمد مدنی نے اپنے خطاب کے دوران جدید ممبر سازی اور ریاستی انتخابات کے سلسلے میں تجویز پیش کی۔ خصوصی شرکا میں ڈاکٹر جمال احمد، مولانا عبدالمنان، مولانا قاری گلفام، قاری احمد عبداللہ، قاری یامین امروہوی، مولانا موسیٰ قاسمی مظفر نگر، پروفیسر محمد نعمان لکھنو، مفتی اویس بجنوری، مفتی ظفر اور مولانا ابراہیم قاسمی سمیت عاملہ کے تقریباً تمام 30 ممبران نے شرکت کی۔ آخر میں جمعیت علماءاتر پردیش کے سیکریٹری سید ذہین احمد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
0 Comments